• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 173447

    عنوان:

    شادی کے وقت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو جو ضروری سامان دیے گئے تھے‏، کیا اسے جہیز کہا جاسکتا ہے؟

    سوال:

    سوال:حضورپاک صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مہر لے کر جو ضروری گھریلو سامان اپنی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دیا تھا ، کیا اس کو جہیز کہنا مناسب ہے؟

    جواب نمبر: 173447

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:7-78/N=2/1441

    حضرت اقدس کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی رقم سے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے ذریعے جو چند گھریلو استعمالی اشیا کا نظم فرمایا تھا، وہ صرف لغوی اعتبار سے جہیز تھا، وہ عرفی اعتبار سے جہیز نہیں تھا؛ کیوں کہ ہمارے عرف ورواج میں جہیز کا انتظام لڑکی کا باپ اپنے پیسوں سے کرتا ہے اور اس میں مختلف التزامات وغیرہ پائے جاتے ہیں۔ اور اس انتظام میں حضرت نبی کریم صلی اللہ وعلیہ وسلم نے جو دل چسپی لی، وہ صرف اس وجہ سے تھا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سرپرست تھے ؛ لہٰذا مروجہ جہیز کے جوازپر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے واقعہ سے استدلال کرنا بھی غلط ہے اور جہیز کے مروجہ معنی میں اِسے جہیزکہنا بھی غلط ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند