• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 163963

    عنوان: دیندار شخص کا رشتہ نہیں مل رہا ہے كیا كریں؟

    سوال: معلوم یہ کرنا ہے کہ میری عمر 31 سال ہو گئی ہے اور میں شرعی پردہ کرتی ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میرا رشتہ کسی دیندار، با شرع اور پردے کا ماحول رکھنے والے شخص کے ساتھ ہو۔ میرے سب بہن بھائیوں کے رشتے ہو چکے ہیں اور اب میرے گھر والے میرے لیے رشتہ تلاش کر رہے ہیں مگر ابھی تک دیندار شخص کا رشتہ نہیں مل سکا ہے ۔ اول تو پردے کی وجہ سے کوئی رشتہ نہیں کر رہا اور اگر کوئی رشتہ بتایا بھی جا رہا ہے تو یا تو لڑکا شرعی ڈاڑھی والا نہیں ہوتا یا گھر کا ماحول پردے والا نہیں ہوتا۔ یہ صورتحال میرے لیے پریشان کن ہے ۔ کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ میں ایسے گھر میں جاؤں جہاں پردے کا اہتمام نہیں ہوتا۔ او ر پردے کے مسائل کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ اس صورتحال میں میری رہنمائی کریں کہ مجھے کیا کرنا چاہئے ۔ عمر بڑھ رہی ہے اور اگر دیندار شخص کے انتظار میں ہر رشتے سے منع کردوں تو ممکن ہے پھر رشتے نہ آئیں۔ نکاح میری ضرورت ہے مگر میں اپنے دین کو بھی آزمائش میں نہیں ڈال سکتی۔ میں سمجھتی ہوں کہ اگر دیندار شوہر ہوگا تو خود بھی دین پر چلے گا اور میرے لیے بھی دین پر چلنے میں معاون ثابت ہوگا۔ آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ کیا میں اللہ پر توکل کرکے ایسے شخص کا رشتہ قبول کر لوں جو شرعی داڑھی نہیں رکھتا اور ان کے گھر میں بھی کوئی شرعی پردہ نہیں کرتا۔ نکاح میں دینداری کو تر جیح دینی چاہئے لیکن اگر دینداری نظر نہیں آرہی تو کیا محض اس وجہ سے کہ آج کل رشتوں کی کمی ہے اور عمر گزرنے کے ساتھ رشتے ملنا بند ہو جاتے ہیں۔ ایسا رشتہ قبول کر لوں؟ مجھ میں اتنی قابلیت نہیں کہ میں کسی کو دین پر چلنے پر راضی کر سکوں اپنے گھر میں صرف میں نے شرعی پردہ شروع کیا ہے ۔ گھر والے تو پھر بھی تعاون کرتے ہیں مگر سسرال میں کوئی تعاون کرے گا کہ نہیں مجھے نہیں معلوم۔ اور پھر بے پردگی کی وجہ سے خلاف شرع کام بھی ہوں گے جنہیں میں کس حد تک بغیر لڑائی جھگڑے کے روک سکتی ہوں اس کا بھی مجھے ادراک نہیں۔ مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ شاید اللہ تعالیٰ میر ی دینداری آزمارہے ہیں۔ اور مجھے ڈر لگتا ہے کہ میں اس آزمائش میں ناکام نہ ہوجاؤں۔ میرے لیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے دین پر استقامت دیں اور میری مشکل آسان کریں۔ اپنے مستقبل کے حوالے سے میں بے بسی محسوس کرتی ہوں اور شیطان بھی وسوسے ڈالتا ہے ۔ میں اس صوتحال سے نکلنا چاہتی ہوں اور اپنی دینداری پر اپنے دل کو خوش اور مطمئن رکھنا چاہتی ہوں۔

    جواب نمبر: 163963

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1159-198/TSN=11/1439

    (الف) اگر شرعی ڈاڑھی رکھنے والا یا پردے کا اہتمام کرنے والے گھرانے کا لڑکا نہیں مل رہا ہے تو جیسا مل رہا ہے رشتہ قبول کرلیا جائے، سسرال جاکر اگر آپ اخلاص کے ساتھ مناسب انداز سے کوشش کریں گی تو ان شاء اللہ رفتہ رفتہ لڑکا بھی ڈاڑھی رکھ لے گا نیز گھر میں پردے کا اہتمام بھی شروع ہوجائے گا، دین دار لڑکے کی تلاش میں نکاح میں مزید تاخیر صورتِ مسئولہ میں آپ کے لیے بالکل مناسب نہیں ہے۔

    (ب) آپ روزانہ بعد نماز عشا اول آخر درود شریف کے ساتھ گیارہ سو گیارہ مرتبہ ”یالطیف“ پڑھنے کا معمول بنائیں اور اللہ تعالیٰ سے مناسب رشتے کے لیے دعائیں بھی کریں، ان شاء اللہ مناسب رشتہ لگ جائے گا۔

    نوٹ: جواب درست ہے جو رشتہ سامنے ہو اس کے سلسلہ میں استخارہ بھی کرلیں۔(د)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند