• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 156263

    عنوان: بیوی كے صحبت سے انكار پر غائبانہ دوسرا نکاح جنسی تسكین كے لیے کرنا جائز كیسا ہے؟

    سوال: (۱) حضرت، میں ۲۰/ سال کی عمر میں نکاح کی تمام شرعی و ضروری قابلیت نان و نفقہ، روزگار، مکان وغیرہ سب رکھتا تھا، شہوت کا غلبہ بہت زیادہ تھا اس لیے حرام راستہ سے بچنے کے لیے ۲۰/ سال کی عمر میں نکاح کرنا چاہتا تھا تاکہ حرام کاری سے بچوں لیکن میرے بزرگوں نے لاپرواہی برتی اور ۳۰/ سال کی عمر میں شادی ہوئی، اس دوران میں زنا سے تو بچا رہا مگر جب معاملہ برداشت سے باہر ہوتا تو غلبہٴ شہوت کو دور کرنے کے لیے مشت زنی کیا کرتا تھا، کیا ایسی مجبوری کے حالات میں میرا مشت زنی کرنا جائز تھا؟ (۲) میرا نکاح گھر کے بزرگوں نے میری مرضی کے خلاف ایک غیر معمولی لڑکی سے کروا دیا، میں نے بڑوں کی عزت کا خیال رکھتے ہوئے نکاح کر لیا، اس سے الحمد للہ تین بچے ہیں مگر میری پریشانی یہ ہے کہ اس سے صحبت کرنا بڑا دشوار ہوتا ہے، مہینہ میں ایک مرتبہ بڑی مشقت سے صحبت کر پاتا ہوں، اس کو جنسی عمل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے صاف انکار کردیتی ہے کہ مجھے صحبت نہیں کرانی، گھر گرہستی کی ذمہ داری تو وہ سنبھال نہیں سکتی اوپر سے یہ عذاب اور ہے۔ مجھے صحبت کی خواہش بہت ہوتی ہے مگر بیوی انکار کرتی ہے اور زنا حرام ہے۔ دوسری شادی میرے گھر والے مجھے کرنے نہیں دیتے، نتیجتاً پھر مجھے ایسے حالات میں مشت زنی کرنی پڑتی ہے ورنہ میں پاگل ہو جاوٴں۔ کیا ایسی حالت میں میرا مشت زنی کرنا جائز نہیں ہے؟ (۳) میں دوسرا نکاح کرنا چاہتا ہوں مگر بزرگوں نے دباوٴ ڈال رکھا ہے، کہتے ہیں تجھے خاندان سے نکال دیں گے جائیداد میں سے تجھے حصہ نہیں دیں گے وغیرہ۔ کیا یہ مجھ پر ظلم نہیں ہے؟ آخر میں کروں تو کیا کروں؟ کیا میرے لیے ایسے حالات میں غائبانہ طور پر دوسرا نکاح جنسی اطمینان کے لیے کرنا جائز نہ ہوگا؟

    جواب نمبر: 156263

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 205-154/D=2/1439

    (۱) شادی سے پہلے جنسی تقاضہ سے مغلوب ہونے کے وقت مشت زنی کا جواز رہا بھی ہو لیکن اس کے مضر صحت ہونے اور دیگر امراض مثلاً جذبائیت، حساسیت وغیرہ کے پیدا ہونے میں تو شک نہیں اس لیے ان گناہوں سے توبہ کریں۔

    (۲) نکاح ہو جانے کے بعد مشت زنی کسی طرح بھی جائز نہیں یہ گناہ کبیرہ ہے اگر ایک بیوی سے ضرورت پوری نہ ہو تو دوسری شادی آپ کرسکتے ہیں۔

    (۳) گھر کے بڑے بوڑھے جس وجہ سے منع کر رہے اسے بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے کیونکہ بسااوقات دوسری شادی مزید الجھنوں اور پریشانیوں کا باعث بن جاتی ہے۔

    --------------------

    جواب درست ہے البتہ دوسرے مسئلہ میں اگر آپ بیوی کے بدن سے مس کرکے یا اس کے ہاتھ سے کھیل کر انزال کرادیں تو گنجائش ہوگی۔ (ل)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند