• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 155907

    عنوان: بیوی کے واجبی حقوق كیا ہیں؟

    سوال: حضرت مفتی صاحب! بیوی کے واجب کیا حقوق ہیں؟

    جواب نمبر: 155907

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:162-136/D=3/1439

    شوہر کے ذمہ بیوی کے واجبی حقوق میں نان نفقہ، رہنے کے لیے مکان دینا خواہ ذاتی ہو یا کرایے کا، نیز کپڑے وغیرہ دینا اسی طرح شب باشی بھی حقوق میں شامل ہے، جیسا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وعاشروہن بالمعروف، شوہروں کو حکم ہے کہ عورتوں کے ساتھ خوبی سے گذران کریں یعنی خوش اخلاقی برتیں نان نفقہ کی خبرگیری کریں، اسی طرح دلجوئی موانست اور معروف طریقے پر معاشرت اختیار کرنا ان کا حق ہے جس طرح عورتوں کی ذمہ داری ہے کہ ہرمباح کام میں شوہر کی اطاعت کرے، شوہر کا ہرمباح حکم بجالائے اور ہرکام میں اس کی مرضی اور خوشنودی پیش نظر رکھے، ان باتوں کا ذکر مذکورہ آیت اور دیگر احادیث میں مذکور ہے چنانچہ مشکاة شریف میں ہے حضرت معاویہ قشیری رضی اللہ عنہ نے جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ ہماری بیویوں کے ہم پر کیا حقوق ہیں؛ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم کھاوٴ تو ان کو بھی کھلاوٴ اور جب تم کپڑا پہنو تو ان کو بھی پہناوٴ اور نہ ان کے چہروں پر مارو اور نہ ہی انھیں برا بھلا کہو، اورجب ناراضگی ظاہر کرنے کی ضرورت ہو تو گھر ہی میں (چار پائی یا کمرہ بدل کے) رہو، باہر مت جاوٴ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند