• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 154783

    عنوان: رشتہ طے کرنے کے اصول و ضوابط

    سوال: حضرت مفتی صاحب! سوال یہ ہے کہ لڑکی والے رشتہ طے کرنے سے پہلے لڑکے کی کیا چیزیں دیکھنی چاہئے ؟ بات دراصل یہ ہے کہ ہماری والدہ بڑی چنندہ مزاج کی ہیں (مجھے ایسے لگتا ہے) اکثر یوں ہوتا ہے کہ ہماری بہن کے لیے جب رشتے آتے ہیں تو امی کہتی ہیں کہ نہیں جی نہیں یہ لڑکا داڑھی والا نہیں ہے، اور اگر داڑھی والا ہے تو ایسا ہوتا ہے کہ وہ ہم سے کم معیار کا ہوتا ہے، مزید یہ کہ کبھی داڑھی والا ہوتا ہے پر تبلیغی نہیں ہوتا، کبھی اخلاق کم ہوتے ہیں، کبھی اس کا قد کم ہوتا ہے، کبھی لڑکے کی والدہ سخت مزاج نظر آتی ہیں، کبھی خاندان ہمارے معیار کا نہیں ہوتا ․․․․ اوپر سے ہماری والدہ کہتی ہیں نہیں جی ہمارے خاندان کے پیچھے کسی نے کچھ کرا دیا ہے اسی لیے میری لڑکی کی شادی نہیں ہورہی، اور ہماری بہن اکثر خواب میں دیکھتی ہیں کہ تایا ابو کچھ سادھو کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں، کبھی پھوپھی کے بارے میں خواب دیکھتی ہیں۔ مجھے آپ یہ بتائیں کہ لڑکا چننے میں کن چیزوں کو سامنے رکھنا چاہئے؟ اور کن چیزوں کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے؟ مزید یہ کہ میرے روزگار کے لیے خاص دعا کیجئے ․․․․․․․ بہت پریشان ہوں۔

    جواب نمبر: 154783

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1401-1352/SD=1/1439

    حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانوی نے لکھا ہے کہ لڑکی کا رشتہ طے کرنے میں یہ امور ملحوظ رکھنے چاہییں : لڑکے کو اسلامی عقائد میں شک شبہ نہ ہو؛ بلکہ دیندار ہو، نرم خو، یعنی نرم مزاج ہو، اپنے متعلقین کے حقوق اداء کرنے کی اُس سے توقع ہو ، اُس کے اندر قوت اکتساب، یعنی : کمانے کی قوت ہو، کفو ( برابری ) میں زیادہ تفاوت نہ ہو۔ ( اسلامی شادی ) ان امور کو سامنے رکھتے ہوئے خاندان کے دو چار معتمد حضرات کے مشورے اور استخارے کے بعد رشتہ طے کرلینا چاہیے ۔

    (۲) اللہ تعالی آپ کو حلال روزگار نصیب فرمائے ، ہم دعا کرتے ہیں، فرائض کا اہتمام کریں ، گناہوں سے بچیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند