• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 149181

    عنوان: رشتہ لگتا ہے اور پھر منع ہوجاتا ہے؟ ایسا كیوں ہورہا ہے؟ كوئی حل بتائیں

    سوال: امید ہے کہ بخیر ہوں گے، میں اپنے گھروالے کے ساتھ رہتی ہوں اور ہمیں مسائل درپیش ہیں۔ میں ایک خاتون ہوں اور میری عمر ۲۴ سال ہے جو کہ شادی کی عمرہے، میں تقدیر کو سمجھتی ہوں اور اس پر یقین رکھتی ہوں، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی پیغام آتاہے اور اہم بھی ہوتاہے ، مگر کچھ تحقیق کرنے کے بعد کچھ غلط ثابت ہونے پر یا تو ہماری طرف سے منع ہوجاتاہے یا پھر دوسری طرف سے منع ہوتاہے، ایسا تقریباً دو سال سے ہورہاہے، اس سے میری والدہ بہت فکرمند ہیں اور مایوس ہوجاتی ہیں کہ رشتہ کیوں نہیں ہورہاہے، والدہ کو یقین ہے کہ ہمیں نظر لگ گئی ہے،بھائیوں نے کسی کو چیک کرنے کے لیے لایا کہ اس نئے گھر میں کوئی جنات تو نہیں ہے، مگر انہوں نے کہا کہ کوئی نظر نہیں ہے۔ مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں؟اور کس طرح والدہ کی پریشانی کو کم کروں؟چونکہ والدہ کی صحت بہت اچھی نہیں رہتی ہے، جزاک للہ

    جواب نمبر: 149181

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 489-457/N=6/1438

    آپ کو اور آپ کی والدہ کو آپ کے رشتہ کے سلسلہ میں بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ،زمانہ شرو وفتن کا ہے، مناسب رشتہ آسانی سے نہیں ملتا، آپ لوگ صبر سے کام لیں اور بلا وجہ جادو وغیرہ کا شک شبہ نہ کریں، انشاء اللہ مناسب رشتہ مل جائے گا ؛ البتہ ایک مجرب عمل ذیل میں ذکر کیا جاتا ہے، اس پر پابندی سے عمل کریں۔

     آپ روزانہ عشاء کے بعد تنہائی میں دو رکعت صلاة الحاجت پڑھ کر اول وآخر سات سات بار درود شریف اور درمیان میں ۱۰۱/ مرتبہ ”یَا بَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیْرِ یَا بَدِیْعُ“پڑھیں، اس کے بعد خوب توجہ اور یکسوئی کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے مناسب رشتہ کے لیے دعا کریں(فتاوی محمودیہ۲۰:۸۹،۹۰،سوال: ۹۶۲۳، مطبوعہ: ادارہٴ صدیق ڈابھیل)،ان شاء اللہ جلد از جلد مناسب رشتہ ملے گا۔ لیکن ماہواری کے ایام میں صرف وظیفہ پڑھیں اور اس کے بعد دعا کریں، صلاة الحاجت نہ پڑھیں؛ کیوں کہ عورت کے لیے ماہواری کے ایام میں نماز پڑھنا جائز نہیں ۔اور بعض اکابر نے مناسب رشتہ کے لیے روزانہ بعد نماز ظہر سورہ مزمل کی تلاوت کو بھی مجرب بتایا ہے ؛ البتہ آپ سورہ مزمل بھی صرف پاکی کے ایام میں پڑھیں، ماہواری کے ایام میں نہیں۔اللہ تعالی جلد از جلد آپ کے لیے مناسب جوڑے کا نظم فرمائیں اور آپ کی والدہ کو صحت وقوت اور عافیت عطا فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند