• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 14887

    عنوان:

     الحمد للہ گزشتہ آٹھ سال سے میں ہمیشہ گھر میں اپنا دوپٹہ اپنے سرپر رکھتی تھی، کیوں کہ مدرسہ میں ہم نے سیکھا ہے کہ یہ بہترین چیز ہے۔ اب میری شادی ہورہی ہے ان شاء اللہ۔ میری ماں یہ چاہتی ہے کہ میں اپنا گلا کھلا ہوا رکھوں تاکہ لوگ میرے تمام زیورات اور ہار دیکھ سکیں۔میں واقعی ایسا کرنا نہیں چاہتی ہوں کیوں کہ لوگوں کو یہ سب دیکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ اگر میں لباس پہنتی ہوں تو یہ میرے شوہر کے لیے ہے ۔ اب بغیر ان کو تکلیف دئے ہوئے اور کوئی بڑی پریشانی پیدا کئے بغیر میں ان کویہ بتانا چاہتی ہوں کہ میں یہ کرنا نہیں چاہتی ہوں اور پردہ کرنا چاہتی ہوں۔میں اپنا گلا اور ناک، کان وغیرہ کھلا ہوا نہیں رکھنا چاہتی ہوں۔آپ کا اس بارے میں کیا مشورہ ہے کہ میں یہ کیسے کروں؟ وہ کہتی رہتی ہیں کہ وہاں صرف عورتیں ہی ہوں گیں (کیوں کہ وہاں پر علیحدگی اور مکمل پردہ ہوگا) لیکن میں واقعی بے چینی محسوس کروں گی۔برائے کرم میری مدد کریں۔ نیز میرے والدین ........

    سوال:

     الحمد للہ گزشتہ آٹھ سال سے میں ہمیشہ گھر میں اپنا دوپٹہ اپنے سرپر رکھتی تھی، کیوں کہ مدرسہ میں ہم نے سیکھا ہے کہ یہ بہترین چیز ہے۔ اب میری شادی ہورہی ہے ان شاء اللہ۔ میری ماں یہ چاہتی ہے کہ میں اپنا گلا کھلا ہوا رکھوں تاکہ لوگ میرے تمام زیورات اور ہار دیکھ سکیں۔میں واقعی ایسا کرنا نہیں چاہتی ہوں کیوں کہ لوگوں کو یہ سب دیکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ اگر میں لباس پہنتی ہوں تو یہ میرے شوہر کے لیے ہے ۔ اب بغیر ان کو تکلیف دئے ہوئے اور کوئی بڑی پریشانی پیدا کئے بغیر میں ان کویہ بتانا چاہتی ہوں کہ میں یہ کرنا نہیں چاہتی ہوں اور پردہ کرنا چاہتی ہوں۔میں اپنا گلا اور ناک، کان وغیرہ کھلا ہوا نہیں رکھنا چاہتی ہوں۔آپ کا اس بارے میں کیا مشورہ ہے کہ میں یہ کیسے کروں؟ وہ کہتی رہتی ہیں کہ وہاں صرف عورتیں ہی ہوں گیں (کیوں کہ وہاں پر علیحدگی اور مکمل پردہ ہوگا) لیکن میں واقعی بے چینی محسوس کروں گی۔برائے کرم میری مدد کریں۔ نیز میرے والدین (محض اپنی خاطر) کہتے ہیں کہ شوہر کی طرف سے میرے گلے میں ایک مالا ڈالی جائے گی او رمیری طرف سے شوہر کے گلے میں ایک مالا ڈالی جائے گی تاکہ ہر ایک جان سکے کہ شوہر کون ہے۔کیا یہ اسلام میں جائز ہے؟ یہ چیزیں وہ لوگ بطور کلچر اور رسم وغیرہ کے طور پر نہیں کرنا چاہتے ہیں ،بلکہ یہ صرف ان کی خواہش ہے، کیا ایسا کرنا درست ہوگا؟ اگر نہیں، تو برائے کرم مجھ کو اپنی دلیل عنایت فرماویں۔نیز امریکہ میں عموماً دلہن پھولوں کا ایک گلدستہ رکھتی ہے۔ کیا یہ اسلام میں جائز ہے؟ اگر نہیں، تو کیوں برائے کرم مجھ کو مکمل دلیل عنایت فرماویں،ان شاء اللہ میری شادی جلد ہی ہوگی۔ برائے کرم جلد از جلد جواب عنایت فرماویں۔برائے کرم مجھ کو مشورہ دیں کہ اسلامی طریقہ پر بغیر کسی رسم کے رخصتی کیسے کرنی ہوگی ؟ برائے کرم میرے لیے ، میری ہونے والی شاد ی کے لیے، میری شادی شدہ زندگی اور رخصتی کے لیے دعا کریں۔ میں واقعی خوف زدہ ہوں، میں سنتی شاد ی کرنا چاہتی ہوں ،لیکن میں نہیں جانتی ہوں کہ کیا واقعی یہ ہوپائے گی،میں سنتی شادی کے لیے دعا کررہی ہوں۔ آپ بھی دعا کریں۔ والسلام

    جواب نمبر: 14887

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1717=/ھ

     

    گلا کھلا رکھ کر زیور دکھلانے کی نیت سے ریاء و نمود اور فخرو مباہات کے قبیل سے ہے، جو شرعاً ممنوع ہے۔ آپ اس سے معذرت کردیں اور شادی کے موقعہ پر بھی احکام حجاب میں ہرگز کوتاہی نہ کریں، نہ میکہ میں نہ سسرال میں۔ مالا کا ڈالنا اسلامی طریقہ نہیں بلکہ غیروں کا طریق ہے، حتی المقدرت حسن انداز سے منع کردیں، رہا پہچاننے کا معاملہ سو آج کل اس کی حاجت نہ رہی، شادی کے مقررہ وقت سے بہت قبل طرفین اور ان کے اعزہ کو ایک دوسرے کی معرفت حاصل ہوجاتی ہے، ایسی صورت میں مالا کا ڈالنا فضول بھی ہے۔ [بہشتی زیور] اور [اسلامی شادی] کا خود آپ بھی مطالعہ کرتی رہیں اور ترغیب دے کر والدین اور دیگر اعزہ کو سنت کے مطابق ہرکام پر آمادہ کرتی رہیں، آپ والدین کو بتلائیں کہ میری اور آپ کی تو کیا حیثیت ہے خواتین جنت کی سردار جگر گوشہٴ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم حضرت فاطمة الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا نکاح انتہائی سادگی کے ساتھ ہوا تھا، بہشتی زیور اور دیگر کتب میں اس کی تفصیل ہے۔ والدین کا ذہن حکمت بصیرت نرمی کے ساتھ بنانے کی سعی کرتی رہیں، سنت کے موافق سادگی کے ساتھ تمام امور کی اللہ پاک تکمیل فرمائے، اور اپنی نصرت خاصہ سے آپ کو نوازے، دنیا و آخرت کی سعادت وبرکات سے بہرہ ور فرمائے، اور مکارہ سے محفوظ رکھے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند