• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 1453

    عنوان:

    جنسیات و مباشرت کے سلسلے میں میری رہ نمائی فرمائیں۔ 

    سوال:

    مجھے جنسیات و مباشرت کے سلسلے میں رہ نمائی فرمائیں۔ میری شادی ہونے والی ہے۔ اس سلسلے میں مجھے معلومات مطلوب ہیں ؛ چوں کہ یہ ایک حساس مسئلہ ہے اس لیے ای میل کے ذریعہ میری رہ نمائی فرمائیں یا اس سلسلے میں کسی کتاب کا حوالہ دیدیں۔

    جواب نمبر: 1453

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 419/ ل= 419/ ل

     

    شب زفاف میں پہلی ملاقات کے وقت بیوی کی پیشانی کے بال پکڑکر یہ دعا پڑھے: ?اللّھم أني أسئلکَ من خیرھا وخیرِ ما جَبَلْتَھَا عَلَیہ وأعوذُ بِکَ مِن شرھَا وشَر ما جَبَلْتَھا علیہ? اس کے بعد دو رکعت شکرانہ کی نماز پڑھیں۔ مرد آگے کھڑا رہے عورت پیچھے۔ نماز کے بعد خیر و برکت مودت ومحبت آپسی میل جول اوراتفاق و اتحاد کی دعا کریں۔ پہلی ملاقات بڑے نیک جذبات اور اچھی تمناوٴں کے ساتھ ہونی چاہیے۔ شوہر تلطف و محبت سے پیش آئے، اپنا سکہ اور رعب جمانے کی فکر میں نہ رہے۔ ہرطرح سے اس کی دل جوئی کرے کہ عورت کو مکمل سکون اور قلبی راحت حاصل ہو۔ جب شوہر مباشرت کا ارادہ کرے تو مباشرت سے پہلے بیوی کو مانوس کرے، بوس و کنار و ملاعبت وغیرہ جس طرح ہوسکے اسے مباشرت کے لیے تیار کرے۔ اور اس بات کا ہرمباشرت کے وقت خیال رکھے کہ فوراً صحبت شروع نہ کردے اور بوقتِ صحبت اس بات کا خیال رکھے کہ عورت کی بھی سیری ہوجائے، انزال کے فوراً بعد جدا نہ ہو اسی حالت پر رہے اورعورت کی خواہش پوری ہونے کا انتظار کرے ورنہ عورت کی طبیعت پر برا اثر پڑے گا۔ بوقتِ صحبت قبلہ کی طرف رخ نہ کرے، سر ڈھانک لے، اور جتنا ہوسکے پردہ کے ساتھ صحبت کرے، کسی کے سامنے حتی کہ بالکل ناسمجھ بچے کے سامنے صحبت نہ کرے۔ یہ احکام عام ہیں شب زفاف کے ساتھ خاص نہیں ہرصحبت کے وقت ان پر عمل کریں۔ جب صحبت کرنے کا ارادہ کرے تواولاً بسم اللہ پڑھے اور یہ دعا پڑھے : ?اللّٰھم جَنِّبْنَا الشَّیطانَ وَجَنِّب الشیطان ما رَزَقْتَنَا? دعاوٴں کا ضرور اہتمام کرے ورنہ شیطان صحبت میں شریک ہوجاتا ہے اور بچہ پر شیطانی اثرات ہوتے ہیں۔ صحبت کے بعد بدن پر جو ناپاکی لگی ہو اسے دھولے۔ اگر دوبارہ صحبت کا ارادہ ہو تو بہتر ہے کہ وضو کرکے صحبت کرے، ورنہ غسل کرلے۔ غسل کیے بغیر نہ سوئے۔ البتہ کوئی عذر ہو تو موٴخر ہوسکتا ہے، مکر صبح جلد اٹھ کر غسل کرے، نماز قضا نہ کرے۔ شوہر اپنی بیوی سے دل لگی، بوس و کنار، ملاعبت و صحبت اس کے بعد غسل جنابت کرتا ہے، اللہ تعالیٰ ان تمام چیزوں پر بھی اجر و ثواب عطا فرماتے ہیں۔ (غنیة الطالبین)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند