• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 604053

    عنوان:

    جدید دور کے منبر کی سیڑھی کا حکم

    سوال:

    امید ہے خیریت سے ہوں گے میں اس وقت ریاض سعودی عرب میں مقیم ہوں ۔ ایک مسئلہ کئی دنوں سے ذہن میں گردش کر رہا ہے کہ منبر نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے زینے سامنے کی طرف سے تھے اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سامنے کی طرف سے تشریف فرماتے تھے لیکن دور جدید میں سعودی عرب کی مساجد میں اور ہندستان کی بعض مساجد میں منبر کی سیڑھی پیچھے کی طرف سے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ جدید منبر کی بناوٹ میں فرق کی وجہ سے سنت کی مخالف تو لازم نہیں آرہی ہے ؟ امید ہے تفصیلی جواب ارسال فرما کر سکون قلب عطاء فرمائیں گے ۔

    جواب نمبر: 604053

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:673-582/N=9/1442

     جمعہ کا خطبہ منبر پر دینا سنت ہے اور منبر کی متواث ہیئت یہ ہے کہ منبر کی سیڑھیاں سامنے کی طرف ہوں، حضرت اقدس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا منبر مبارک ایسا ہی تھا اور اب تک مساجد میں اسی ہیئت کا منبر چلا آرہا ہے، اور اگر جمعہ کے خطبے میں سوال میں مذکور طرز کا منبر رکھا جائے تو منبر کی یہ ہیئت ، متوارث ہیئت کے خلاف ہے؛ البتہ منبر پر خطبے کی سنت اس صورت میں بھی ادا ہوجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند