• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 602617

    عنوان:

    متعدد مساجد میں جمعہ کی نماز پڑھنا؟

    سوال:

    از راہ کرم مندرجہ ذیل مسئلہ میں رہنمائی فرمائیں۔ دو گاؤں ایک ساتھ متصل ہیں اور دونوں گاؤں میں مساجد ہیں ، لاک ڈاؤن سے قبل دونوں گاؤں کے لوگ ایک ہی مسجد میں نماز جمعہ ادا کیا کرتے تھے جسے جامع مسجد کا درجہ حاصل ہے ۔لیکن لاک ڈاؤن میں دوسرے گاؤں والے لوگ اپنی مسجد میں جمعہ کی نماز شروع کر دیئے اور اب وہاں با ضابطہ جمعہ کی نماز ہو رہی ہے ۔ دونوں گاؤں میں جمعہ کی قیام کی شرطیں پاء جاتی ہیں۔ تو کیا دوسرے گاؤں کی اس مسجد میں نماز جمعہ کا قیام درست ہوگا؟․

    جواب نمبر: 602617

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 549-475/B=07/1442

     صورت مذکورہ میں جب دونوں گاوٴں میں جمعہ کے شرائط پائے جاتے ہیں اور دونوں گاوٴں ایک ساتھ متصل ہیں تو دونوں کو ملانے کے بعد یہ قریہ کبیرہ مثل قصبہ کے ہوگیا۔ اور ہر گاوٴں ایک دوسرے کا محلہ ہوگیا۔ ایسے قریہ کبیرہ میں فقہاء احناف نے متعدد جمعہ پڑھنے کی اجازت دی ہے یہ بلاشبہ اور بلاکسی کراہت کے جائز ہے اور اسی پر فتوی بھی ہے۔ لہٰذا دونوں جگہ نماز جمعہ درست ہے۔ آپ لوگ دونوں گاوٴں میں جمعہ پڑھ سکتے ہیں۔ وتوٴدیٰ في مصرٍ واحدٍ بمواضع کثیرة مطلقا علی المذہب وعلیہ الفتویٰ (درمختار مع الشامی: 1/541)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند