• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 600465

    عنوان: رہائش والے مکان میں جمعہ پڑھنا؟

    سوال:

    حضرات مفتیان کرام مذکورہ مسئلہ کے بارے میں کیا فرماتے ہیں۔ بندہ احقر عرب امارات میں مقیم ہے گذشتہ سات مہینوں سے کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد میں نماز جمعہ پر پابندی عائد ہے ۔ مارچ سے اگست تک تمام مساجد مقفل تھی اب صرف فرض نماز علاوہ عیدین و جمعہ کی اجازت ہے ۔جہاں رہائش ہے وہاں کچھ ساتھیوں کے ساتھ نماز با جماعت کا اہتمام ہوتا تھابندے نے بذات خود اول تا آخری ایام عیدین نیز صلاة الجمعة کی امامت کروائی اب کچھ ساتھیوں نے اصرار کیا ہے سابقہ اور لاحقہ تمام جمعے فاسد ہیں لہذا ان سب کی قضاء لازم ہے نیز جمعہ کے متبادل ظہر کی نماز ادا کرنی ہوگی، بندہ طالب علم ہے لہذا اگر میری یہ تمام نمازیں فاسد ہیں از راہ کرم میری رہنمائی فرمائیں تاکہ قیامت کے دن بوجھ اٹھانے سے بچ سکوں۔ نیز اگر نماز جمعہ صحیح ہے تو اسکی بھی تائید فرمائیں ۔

    جواب نمبر: 600465

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 165-201/H=03/1442

     دوبئی میں آپ کا قیام شہر یا فناءِ شہر میں ہے اور وہاں کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد بند ہیں اور آپ نے اپنی رہائش والے مکان میں جمعہ آس پڑوس کے کچھ لوگوں کے ساتھ اور عیدین لوگوں کو پڑھائیں تو وہ درست ہوگئے اب ان کے لوٹانے یا جمعہ کی جگہ ظہر پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ دارالافتاء دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ پر اس سے متعلق بہت مدلل مفصل فتویٰ موجود ہے اس کو ملاحظہ کرلیں، پھر کوئی اشکال رہے تو لکھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند