• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 48475

    عنوان: جمعہ کی نماز کس کس پر فرض ہے؟

    سوال: جمعہ کی نماز کس کس پر فرض ہے؟

    جواب نمبر: 48475

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1387-1372/N=12/1434-U جس شخص میں درج ذیل امور پائے جائیں اس پر جمعہ کی نماز فرض ہے: (۱) شہر یا بڑے گاوٴں میں مقیم ہونا کیونکہ جو شخص چھوٹے گاوٴں یا جنگل میں ہو اس پر جمعہ فرض نہیں۔ (۲) صحت مند ہونا کیونکہ جو مریض مسجد جانے سے معذور ہو یا مسجد جانے کی صورت میں بیماری بڑھ جانے یا دیر میں شفایابی کا یقین یا غالب گمان ہو تو اس پر جمعہ فرض نہیں۔ (۳) آزاد ہونا کیونکہ غلام پر جمعہ فرض نہیں۔ (۴) مرد ہونا پس عورتوں پر جمعہ فرض نہیں۔ (۵) بالغ ہونا پس نابالغ پر جمعہ بلکہ کوئی عبادت فرض نہیں، وہ غیر مکلف ہے۔ (۶) عاقل ہونا پس مجنون پر بھی کوئی عبادت لازم نہیں، وہ بھی غیر مکلف ہے۔ (۷) بینا ہونا پس نابینا پر جمعہ فرض نہیں۔ (۸) چلنے پر قادر ہونا پس اپاہج پر اور پیر کٹے ہوئے شخص پر جمعہ فرض نہیں۔ (۹) قید خانہ وغیرہ میں قید نہ ہونا ،پس قیدی پر جمعہ فرض نہیں۔ (۱۰) مسجد جانے میں کسی دشمن کا خوف نہ ہونا پس خائف پر جمعہ فرض نہیں۔ (۱۱) سخت بارش اور کیچڑ وغیرہ نہ ہونا۔ لیکن اگر کوئی ایسا شخص جس پر جمعہ فرض نہیں وہ کسی طرح جمعہ میں شرکت کرکے جمعہ پڑھ لے گا تو اس کا جمعہ ادا ہوجائے گا اور ظہر کا فرض اس کے ذمہ سے اتر جائے گا، جیسے کوئی گاوٴں کا آدمی شہر پہنچ کر جمعہ پڑھ لے یا کوئی مسافر وغیرہ جمعہ میں شرکت کرلے، ہذا کلہ مذکور في کتب الفقہ والفتاوی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند