• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 146737

    عنوان: جامع مسجد کو خالی رکھ کر چھوٹی مسجد میں جمعہ؟

    سوال: بعد سلام عرض یہ ہے کہ میرے گاوں پیپلواڑی میں ایک وسیع و عریض دو منزلہ جامع مسجد ہے جہاں پر بآسانی تمام لوگ نماز جمعہ ادا کرسکتے ہیں جس میں نماز جمعہ کے وقت مسجد میں نچلی منزل کی ایک صف اور اوپری منزلہ پورا خالی رہتا ہے ۔اب دریافت طلب مسئلہ یہ ہے کہ اس جامع مسجد سے صرف دوسو فٹ کی دوری پر ایک دوسری چھوٹی مسجد ہے جس میں جمعہ کی نماز ہوتی ہے کیا اس طرح جامع مسجد کو خالی رکھ کر اس چھوٹی مسجد میں جمعہ کا اہتمام کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اور جاری ہونے کے بعد جمعہ کی نماز وہاں بند کرنا جائز ہے یا نہیں واضح ہو کہ مذکورہ گاوں ایک دیہات کی شکل میں ہے جہاں مسلم آبادی تقریبا چارسو مکانات پر مشتمل ہے برائے کرم جلد از جلد اور مفصل ومدلل جواب عنایت فرماکر عنداللہ ماجور ہوں۔

    جواب نمبر: 146737

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 429-369/Sn=4/1438

    گاوٴں میں جمعہ اسی وقت جائز ہوتا ہے جب وہاں ۳-۴ہزار کی آبادی ہو، نیز روزمرہ کی ضروریات وہاں دستیاب ہوں، اسی طرح وہاں بازار اور متعدد گلیاں ہوں اورجو گاوٴں اس نوعیت کا نہ ہو وہاں جمعہ جائز نہیں ہے، وہاں کے لوگوں پر جمعہ کے بہ جائے ظہر کی نماز ادا کرنا فرض ہے، صورتِ مسئولہ میں آپ کا گاوٴں بہت چھوٹا ہے، وہاں نہ تو بڑی مسجد میں جمعہ جائز ہے اور نہ ہی چھوٹی مسجد میں؛ اس لیے چھوٹی مسجد میں تو قطعاً جمعہ شروع نہ کیا جائے اور بڑی مسجد میں جو جمعہ ہورہا ہے اس کو بھی لوگوں کو سمجھا بجھاکر نیز مسئلہ شرعی بتلاکر بند کرادیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند