• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 602652

    عنوان: لوگ محمد ماحی نام کیوں نہیں رکھتے ہیں؟ 

    سوال:

    (۱) میں یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ لوگ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام جو پانچ ہیں ، محمد ، احمد، ماحی، حاشر، عاقب، لوگ محمد ماحی نام کیوں نہیں رکھتے ہیں؟

    (۲) میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ کیا محمد ماحی صحیح نام ہے یا محمد حاشر رکھ سکتے ہیں ، یہ نام کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 602652

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:458-342/N=6/1442

     (۱): عام طور پر لوگوں کا ذہن یہ ہوگیا ہے کہ وہ بالکل نیا اور اچھوتا نام پسند کرتے ہیں اگرچہ اس کے معنی اچھے نہ ہوں اور علما ومفتیان سے نام رکھواتے نہیں ہیں؛ بلکہ ناموں کی فہرست لیتے ہیں پھر اپنی مرضی سے نام منتخب کرتے ہیں اور اگر وہ کوئی نام تجویز کردیں تو بیوی، ماں باپ یا بہن بھائی کا سہارا لے کر اسے نا منظور کردیتے ہیں؛ اس لیے بہت سے اچھے نام ہیں، جو لوگ نہیں رکھتے ۔

    (۲):”ماحی“ حضرت اقدس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا وصفی نام ہے، اس کے معنی ہیں: کفر وشرک کو مٹانے والا (مشکوة المصابیح ومرقاة المفاتیح)؛ لہٰذا بہ طور تبرک وتفاوٴل”محمد ماحی“ نام رکھ سکتے ہیں۔ اور ” حاشر“ بھی حضرت اقدس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا وصفی نام ہے، یعنی: وہ ذات جو قیامت کے دن قبر سے سب سے پہلے اٹھے گی ( حوالہ بالا)؛ لہٰذا بہ طور تبرک ”محمد حاشر“ نام بھی رکھنا درست ہے، یہ بھی اچھا نام ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند