• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 42814

    عنوان: كونسا نام ركھنا چاہیے

    سوال: کیا آپ ان ناموں کے مطلب بتاسکتے ہیں اور یہ بھی کہ یہ نام رکھنے کیسے ہیں؟ (۱) نمرہ (۲) نویرہ (۳) نبیحہ (۴) جویریہ (۵) الشبہ (۶) وانیا (۷) مزنہ (۸) امیمہ (۹) عمیرہ

    جواب نمبر: 42814

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 109-109/M=2/1434 (۱) نُمْرہ: نون پر پیش، میم ساکن اور را پر زبر کے ساتھ، داغ کے معنی میں ہے، اور اگر نون پر زبر، میم پر زیر کے ساتھ نَمِرہ ہو تو، (۱) مادہ چیتا (۲) باد کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے جو قریب قریب ہوں۔ (۳) چتکبرا رنگ (۴) دھاری دار چادر وغیرہ کے معنی میں آتا ہے۔ (مصباح اللغات: ۹۱۰) (۲) نویرہ: اگر اسے ”نَور“ بالفتح کی تصغیر مانا جائے تو کلی وغیرہ کے معنی میں ہوگا، اور اگر ”نُور“ بالضم سے ہو تو روشنی وغیرہ کے معنی میں ہوگا۔ (مصباح اللغات: ۹۱۹) (۳) نَبِیحَہ: صیغہٴ صفت بھوکنے والی معنی میں، اور اگر چھوٹی ہاء سے نبیہہ ہو تو شریف اور سمجھ دار وغیرہ کے معنی میں ہوگا۔ (مصباح اللغات: ۸۵۱/۸۴۸) (۴) جویریہ: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج میں سے ایک بیوی کا نام تھا۔ (علم الفقہ چھٹا حصہ: ۷۰۸)۔ (۵) الشبہ: اگر یہ شین پر زیر مع تشدید اور باء ساکن، یا شین پر زبر مع تشدید اور باء پر زبر کے ساتھ ہو تو (۱) مثل (۲) مانند (۳) خاردار نباتات جس کے پھول سرخ ہوتے ہیں اور (۴) پیتل وغیرہ کے معنی میں آتا ہے۔ (مصباح اللغات: ۴۱۵)۔ (۶) وانیا: اگر آخر میں تاء مدورہ کے ساتھ ”وانِیہ“ ہو تو صیغہٴ صفت ہے، سست، کمزور اور تھکی ہوئی کے معنی میں۔ (مصباح اللغات: ۴۱۵) (۷) مُزْنہ: بادل کا ٹکڑا، بارش۔ (مصباح اللغات: ۸۱۹) (۸) اُمَیْمَہ: یہ ایک مشہور صحابیہ کا نام ہے جن سے امام نسائی نے ایک روایت نقل کی ہے۔ (نسائی شریف: ۱۴) (۹) عمیرہ: اگر عین پر پیش اور میم پر زبر ہو تو ”عُمَر“ کی تصغیر ہوگی، اور اگر عین پر زبر اور میم پر زیر ہو تو شہد کا چھتہ، اور بڑا قبیلہ کے معنی میں ہوگا۔ (مصباح اللغات: ۵۷۷) ان تمام الفاظ میں سوائے ”نبیحہ“ کے (بڑی حاء کے ساتھ) کسی معنی میں کوئی خرابی نہیں ہے، اس لیے اگر آپ ان میں سے کوئی نام رکھنا چاہیں تو کوئی مضائقہ نہیں، البتہ نام کے رکھنے میں صرف معنی کو نہ دیکھا جائے، بلکہ موزوں ومناسب اور اچھے نام رکھنے چاہیے۔ الشبہ، نام رکھنا موزوں معلوم نہیں ہوتا اس سے احتراز مناسب ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند