• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 38537

    عنوان: آخرت میں بچوں کو ماں کے نام سے پکارا جائے گا؟

    سوال: آخرت میں بچوں کو ماں کے نام سے پکارا جائے گا؟یا باپ کے نام سے؟ قرآن اور حدیث کے حوالے سے بتا دیجئے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ باپ کا درجہ اول ہے، اس لئے باپ کے نام سے پکارا جائے گا اور کچھ کہتے ہیں کہ آخرت میں بچوں کو ماں کے نام کے ساتھ پکارا جائے گا؟

    جواب نمبر: 38537

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 890-728/B=5/1433 طبرانی میں ایک روایت آئی ہے جس میں یہ ہے کہ قیامت کے دن لوگوں کو ان کے ماں کے نام سے پکارا جائے گا، مگر یہ روایت ضعیف اور منکر ہے، اس کے برخلاف بخاری شریف میں یہ روایت آئی ہے کہ باپ کے نام سے پکارا جائے گا، یہ روایت صحیح ہے، ملاحظہ ہو بخاری شریف (۲/۹۱۲) جو لوگ ماں کے نام سے پکارے جانے کی بات کہتے ہیں، بخاری شریف کی حدیث سے اس کی تردید ہوجاتی ہے۔ لہٰذا صحیح یہی ہے کہ قیامت کے دن لوگ اپنے باپ کے نام سے پکارے جائیں گے۔ اس کی پوری تفصیل فتح الباری شرح بخاری: ۱۰/۴۶۴ میں ملاحظہ فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند