• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 155163

    عنوان: کیا بے ادبی كے اندیشہ سے اپنے نام کے ساتھ محمد نہ لکھا جائے ؟

    سوال: حضرت، میرا پرنٹنگ پریس کا کام ہے، اکثر کسٹمر میرے پاس آتے ہیں جو مختلف کارڈ اسٹیکر وغیرہ بنواتے ہیں، ان میں سے اکثر اپنے نام کے ساتھ محمد نہیں لکھواتے کہ کارڈ زمین پر گرے گا تو اس نام کی بے ادبی ہوگی۔ حضرت، مجھے یہ پوچھنا ہے کہ کیا بے ادبی کی خاطر اپنے نام کے ساتھ محمد نہ لکھا جائے ؟ (۲) اگر لکھا جائے تو اگر وہ کارڈ زمین پر گرتا ہے تو ا س کے گناہ کا کیا حساب ہوگا؟ براہ کرم جواب ضرور دیں، کرم ہوگا۔

    جواب نمبر: 155163

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:51-282/sd=4/1439

    (۱) کارڈ پر اپنے نام کے ساتھ محمد لکھ سکتے ہیں، کارڈ کا گرنا اور بے ادبی کا ہونا ایک امر موہوم ہے ؛ البتہ جس کارڈ پر محمد یا کوئی بھی قابل احترام لفظ لکھا ہو، اُس کو حفاظت سے رکھنا چاہیے ،کسی ایسی جگہ جہاں بے ادبی کا اندیشہ ہو، نہیں پھینکنا چاہیے ۔

    (۲) اگر ایسا کارڈ زمین پر گر جائے ، جس پر لفظ محمد لکھا ہوا ہو، تو اس کو اٹھا کر کسی مناسب جگہ رکھ دینا چاہیے ۔اس سلسلے میں زیادہ شک شبہہ میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند