• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 149254

    عنوان: بچی کا نام " فاطمة الزھراء" رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟

    سوال: محترم مفتیان کرام، حاضر خدمت کچھ سوال نام کے تعلق سے ہیں، امید ہے کہ جواب ضرور دیں گے ؛ (۱) بچی کا نام " فاطمة الزھراء"(صرف فاطمہ نہیں بلکہ پورا نام) رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟ میں نے اپنی بچی کا نام یہی رکھا ہے ۔ (۲) کسی سے سنا کہ یہ نام " فاطمة الزھراء " (پورا) نہیں رکھ سکتے کیوں کہ یہ اس طرح پورا نام صرف صاحبزادی رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم)کے ساتھ ہی خاص ہے ۔ (۳) میں نے پورا نام رکھا ہے ، اس لیے (اس نیت سے ) کہ یہ نام تو خود اللہ کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم)نے رکھا ہے تو اس نام سے بہتر کیا ہو سکتا ہے ، اور دوسری نیت یہ ہے کہ میری بچی میں بھی اس نام کا اثر ہو اور حضرت فاطمة (رضی اللہ عنھا) کی صفات آ جا ئیں۔ (۴) " فاطمة الزھراء" کا تلفظ کس طرح ادا کیا جا ئے گا، إعراب( زیر، زبر،پیش) کے ذریعہ لکھ کر بتائیں (فَاطِمَةُ الزَہْرَاء یا پھر فَاطِمَة َ الزَہْرَاء )، دراصل میں ة کے اوبر زبر کے ساتھ پڑھنا ہے یا پیش کے ساتھ ے ا پھر ة کو ساکن کرکے (فاطمہ زھرا -اس طرح)، اس بارے میں جاننا چاھتا ہوں۔ 5 (۵) انگریزی میں " فاطمة الزھراء کو کس طرح لکھا جا ئے گا، صحیح انگریزی حروف تہجی کے ساتھ بتائیں ، کیوں کہ آجکل نئی تکنیک سے کمپیوٹر سسٹم سے نام کا ترجمہ کچھ کا کچھ ہو جاتا ہے جو کہ سرکاری(قومی) دستاویز یا پھر بین الاقوامی دستاویز جیسے حج یا عمرا کا ویزا وغیرہ ، تو اس میں غلط انگریزی حروف تہجی یعنی اسپیلنگ کی وجہ سے کمپیوٹرکے خود کار سسٹم کی وجہ سے پورا نام( عربی میں) بدل جاتا ہے اور غلط ہو جاتا ہے ۔ (۶) سوال زیادہ طویل ہونے کے معذرت چاہتا ہوں- لیکن مجھے پتہ ہے ان کے جواب مختصر ہیں۔

    جواب نمبر: 149254

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 741-709/sn=7/1438

    (۱) ”فاطمہ“ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی کا نام تھا، اور ”الزَّہراء“ (روشن چہرہ والی، پاکیزہ) ان کا لقب تھا، آپ کا ”برکت“ کی نیت سے اپنی بچی کا نام ”فاطمةُ الزہرا“ رکھنا صحیح اور درست ہے۔

    (۲) ”فاطمةُ الزَّہراء“ میں عام حالات میں ”فاطمہ“ میں ”ة“ پر پیش ہے، زبر، زیر یا ساکن نہیں ہے؛ اس لیے ”ة“ کے پیش کے ساتھ ہی ”فاطمة الزہراء“ کی ادائیگی کریں۔

    (۳) ”فَاطِمَةُ الزَّہراء“ کے عربی تلفظ کو سامنے رکھ کر کسی اچھے انگریزی داں سے اس لفظ کو انگریزی میں کیسے لکھا جائے گا، معلوم کرلیں، پھر اسی طرح دستاویزات میں لکھا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند