• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 130946

    عنوان: بچہ کے لیے کوئی نام بتائیں

    سوال: میری بیوی کے حمل کا نواں مہینہ ایک ہفتے میں شروع ہونے والاہے۔ ہونے والے بچہ کے لیے کوئی نام بتائیں ۔ شوہر کا نام محمد رافع اور بیوی کا نام منہاج زینب ہے۔ ولادت کے بعد سے ہم دونوں میاں بیوی پر فرض اور سنت کیا ہے؟ براہ کرم، نارمل ولادت، بچے کی خیر و عافیت، حلال روزی اور ہماری فیملی کی عافیت کے لیے دعا کریں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 130946

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1489-1445/H37=01/1438

    ۱:- اگر لڑکا ہوتو (۱) محمد نافع (۲) محمد شافع (۳) محمد قاسم (۴) محمد ہاشم (۵) ابوبکر (۶) عمر (۷) عثمان (۸) علی (۹) ضیاء الحسن (۱۰) رضی الحسن ۔

    اگر بیٹی ہوتو (۱) رفعت النساء (۲) عظمت النساء (۳) نعیمہ (۴) زاہدہ (۵) ناصرہ (۶)عائشہ (۷) جویریہ (۸) ام سلمیٰ (۹)صفیہ (۱۰) ام حبیبہ ۔ ان ناموں میں سے جو بھی نام تجویز کرلیں گے بہتر رہے گا ان شاء اللہ تعالیٰ۔

    ۲:- ولادت سے پہلے بیوی بھی اور آپ ہر نماز کے بعد تین تین مرتبہ اول و آخر درود شریف درمیان میں تین دفعہ رَبَّنَا ہَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّیّٰتِنَا قُرَّةَ أعْیُنٍ وَّاجْعَلنَا لِلْمُتَّقِیْنَ إمَاماً۔ پڑھ کر اولاد صالحہ کے لیے خاص طور پر دعاء کیا کریں۔ بچہ پیدا ہونے سے پہلے اکیس (۲۱) مرتبہ إذَالسَّمَآءُ انْشَقَّتْ۔ وَأذِنَتْ لِرَبِّہَا وَحُقَّتْ۔ وَإذَا الأرْضُ مُدَّتْ۔ وَألْقَتْ مَا فِیْہَا وَتَخَلَّتْ۔ وَأذِنَتْ لِرَبِّہَا وَحُقَّتْ۔ ان آیات کو پڑھ کر پانی پر دم کرکے اہلیہ کو دے دیں، وہ اس پانی کو بچہ کی پیدائش کے وقت تک وقتاً فوقتًا پیتی رہیں، ولادت کے بعد بچہ کے داہنے کان میں اذان اور بائیں کان میں اقامت بچہ کو پاک صاف کرکے پڑھ دیں کسی نیک صالح آدمی سے تحنیک کرادیں یعنی کھجور یا چھوارہ وہ صالح شخص چبا کر آپ کو دے دیں آپ اس کے عرق کو یا اس کو پیس کر باریک کرکے بچہ کے تالو میں مل دیں پیدائش کے ساتویں دن عقیقہ کردیں اور دونوں میاں بیوی عزم کرلیں کہ حتی المقدرت بچہ کو نیک صالح اور عالم و حافظ بنانے میں پوری کوشش کریں گے بچوں کی تعلیم و تربیت سے متعلق بہشتی زیور اور تحفہٴ خواتین (للشیخ مولانا مفتی عاشق الٰہی صاحب بلند شہری رحمہ اللہ ) میں ہدایات ہیں ان کو آپ دونوں بکثرت مطالعہ اور سننے سنانے کا گھر میں نظم کرلیں اور اچھا یہ ہے کہ گھر میں اِن کتابوں نیز فضائلِ اعمال فضائلِ صدقات منتخب احادیث کی تعلیم کا انتظام کرلیں اور وقتِ مقررہ میں گھر کے افراد تعلیم میں اہتمام سے بیٹھا کریں۔

    (۳) اللہ پاک سہولت و عافیت سے ولادت سے فارغ فرمائے اور تمام مکارہ اور تکالیف سے محفوظ رکھے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند