• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 11806

    عنوان: زنیرہ كا تلفظ كیا ہے اور یہ نام ركھنا كیسا ہے؟

    سوال: حضرت میں نے اپنی بیٹی کا نام زنیرہ رکھا ہے ایک صحابیہ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) کی نسبت سے۔ کیا آپ مجھے اس کا مطلب بتاسکتے ہیں؟ اور یہ کہ ان صحابیہ کے بارے میں اگر کچھ بتاسکیں تو آپ کی مہربانی ہوگی۔

    جواب نمبر: 11806

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 445=411/ب

     زِنِّيرَة، کے معنی غور سے دیکھنے والی، یہ صحابیہ تھیں اور باندی تھیں، مدینہ ہجرت کرنے سے پہلے حضرت ابوبکر صدیق نے جن سات غلاموں کو آزاد کیا، ان سے حضرت زنیرہ بھی تھیں۔ آزاد ہونے کے بعد ان کی بینائی جاتی رہی تو ان سے قریش نے کہا زنیرہ کی بینائی لات وعزی نے ختم کردی۔ حضرت زنیرہ نے جب یہ بات سنی تو فرمایا، قریش غلط کہہ رہے ہیں، بیت اللہ کی قسم، لات وعزی نہ کوئی نقصان پہنچاسکتے ہیں نہ کوئی نفع پہنچا سکتے ہیں۔ یہ بات ایسے ایمان ویقین کے ساتھ فرمائی کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی بینائی واپس لوٹادی۔ (معرفة الصحابہ لابنی نعیم الاصبہانی، باب زنیرة رومیة، رقم:۷۰۲۴)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند