• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 868

    عنوان:

    حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نوری تھے یا بشر؟ قرآن کے حوالے سے جواب دیں۔

    سوال:

    میرا سوال یہ ہے کہ حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نوری تھے یا بشر؟

    قرآن کے حوالے سے جواب دیں۔

    جواب نمبر: 868

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 379/م=377/م)

     

    حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم بشر ہی تھے، قُلْ اِنَّمَا اَنَا بَشَرٌ مِّثْلُکُمْ (الآیة) قرآن کریم میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نور بھی فرمایا گیا، قَدْ جَاءَ کُمْ مِّنَ اللّٰہِ نُوْرٌ وَّ کِتَابٌ مُّبِیْنٌ (الآیة) لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نور ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم صفات بشری، کھانے پینے، سونے جاگنے، بیٹھنے لیٹنے، خرید و فروخت، جنگ و صلح، نکاح و طلاق بیماری و صحت وغیرہ امور سے بے نیاز اور بری تھے، بلکہ بشر ہونے کے باوجود اللہ پاک نے آپ کو بہت سی خصوصیات سے نوازا، اپنا حبیب و خلیل بنایا، تمام پیغمبروں کا سید بنایا، قرآن کریم نازل فرمایا، ہرقسم کے گناہوں سے آپ کو معصوم رکھا، اور آپ کو وہ مقام عطا کیا جو کسی نبی یا پیغمبرکو نہیں ملا۔ اور نور ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر عمل کرنے سے آدمی بادیہٴ ضلالت کی تاریکیوں سے سبیل الرشاد اور صراطِ مستقیم کی روشنی میں آجاتا ہے، نافرمانی کی مہلکات سے بچ کر اطاعت کے جادہٴ مستقیم پر گامزن ہوکر سخط و غضب کے مظہر جہنم سے نجات پاتا ہے اور رحمت و رضوان کے مظہر جنت میں دخول کی سعادت حاصل کرتا ہے۔ هکذا في تفسیر ابن کثیر۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند