• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 69851

    عنوان: شیطان نے میرے ذہن میں ایک حرام گانا ڈالدیا جس میں کفر اور شرک کے الفاظ تھے

    سوال: میں ایک مسلم لڑکا ہوں اور ماشاء اللہ مکمل تقوے کااہتمام کرتاہوں، میں تمام حرام چیزوں سے بچا کرتا تھا اور ہر وقت اللہ سے دعا کرتا اور پانچوں وقت کی نماز پڑھتا تھا، نیز سنت کے مطابق زندگی گذار تا تھا، میں اللہ سے دعا کرتا تھا کہ مجھے شرک، کفر اور بدعت سے دور رکھ ۔ اب میں بڑی پریشانی میں مبتلاء ہوگیا ہوں،ایک دن شیطان نے میرے ذہن میں ایک حرام گانا ڈالدیا جس میں کفر اور شرک کے الفاظ تھے، مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ میرے ساتھ کیا ہورہاہے، یہ جاننے کے باوجود کہ اس گانے کے الفاظ کفریہ ہیں، میں اس کے میوزک کی طرف کھچا چلا جاتاہوں، میں نے یہ گانا گانے کے بارے میں سوچا اور میں نے ذہن میں یہ گانا گالیا ، پھر مجھے احساس ہوا کہ میں نے کفر کیا کہ میں نے جان بوجھ کر کفریہ لفظ کہا ہے، میں اللہ سے معافی مانگتا ہوں ، میں نے دو بارہ کلمہ پڑھاہے۔ میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ کیا اس سے میں کافر ہوجاؤں گا؟ براہ کرم، میری رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 69851

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1205-1216/B37=1/1438
    گانے کے کفریہ الفاظ آپ سوال میں نقل کردیتے تو ہمیں اس کا مفہوم سمجھنے میں بصیرت حاصل ہوتی، آپ نے اپنی زبان سے وہ گانا نہیں پڑھا ہے بلکہ صرف اپنے ذہن میں (دل میں ) گایا ہے تو دل میں کفریہ گانے کا تصور آنے سے آدمی کافر نہیں ہوتا آپ نے توبہ استغفار کرلیا اور ایمان کی تجدید کرلی تو یہ بہتر ہوا۔ آئندہ اس طرح کے گانے گانے والے کی آواز پر فریفتہ نہ ہونا چاہئے۔ اپنے ایمان پر پختگی سے قائم رہنا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند