• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 68152

    عنوان: اللہ تعالی صفت کذب کے ساتھ متصف ہوسکتا یا نہیں ؟

    سوال: چند سالوں پہلے میں نے اسلام قبول کیا ہے۔ میرا ایک سوال ہے جو کہ مجھ کو کچھ وقت سے پریشان کررہا ہے۔ میں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کرتاہوں اور جماعت میں جانے کی نیت بھی ہے۔ میں نے پڑھا ہے کہ علماء دیوبند اس بات کومانتے ہیں کہ اللہ جھوٹ بول سکتا ہے۔جب کہ حقیقت میں اللہ کے لیے جھوٹ بولنا ناممکن ہے۔ میں نے یہ مولانا رشید احمد گنگوہی رحمة اللہ علیہ کی کتاب میں پڑھا ہے۔ کیا یہ بات صحیح ہے؟ مجھے اسلام قبول کئے ہوئے کافی وقت ہوچکا ہے ، میں علم الکلام اور دین کی بنیادی اور اصولی باتیں جانتا ہوں اس لیے مجھ کو باریکی سے تفصیلی جواب عنایت فرماویں۔

    جواب نمبر: 68152

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 811-791/Sd=9/1437 حضرت گنگوہی رحمة اللہ علیہ نے جو بات لکھی ہے، وہی صحیح ہے اور وہی اہل السنة والجماعة کا عقیدہ ہے، حضرت کی پوری تحریر مع سوال و جواب ملاحظہ فرمائیں:سوال: آپ کیا فرماتے ہیں اس مسئلہ میں کہ اللہ تعالی صفت کذب کے ساتھ متصف ہوسکتا یا نہیں اور جو یہ عقیدہ رکھے کہ خدا جھوٹ بولتا ہے، اس کا کیا حکم ہے؟ الجواب: بے شک اللہ تعالی اس سے منزہ ہے کہ کذب کے ساتھ متصف ہو، اُس کے کلام میں ہر گز کذب کا شائبہ بھی نہیں، جیساکہ وہ خود فرماتاہے : ومن أصدق من اللّٰہ قیلا ( اور اللہ سے زیادہ سچا کون ہے ) اور جو شخص یہ عقیدہ رکھے یا زبان سے نکالے کہ اللہ تعالی جھوٹ بولتا ہے، وہ کافر قطعی، ملعون اور کتاب و سنت اور اجماعِ امت کا مخالف ہے ، ہاں اہل ایمان کا یہ عقیدہ ضرورہے کہ حق تعالی نے قرآن میں فرعون و ہامان و ابولہب کے متعلق جو یہ فرمایا ہے کہ وہ دوزخی ہیں، تو یہ حکم قطعی ہے، اس کے خلاف کبھی نہیں کرے گا؛ لیکن اللہ اُن کو جنت میں داخل کرنے پر قادر ضرور ہے، عاجزنہیں ؛ ہاں البتہ اپنے اختیار سے ایسا کرے گا نہیں۔۔۔۔ الخ ( المہند علی المفند ، ص: ۷۲ ) حضرت کی اس تحریر سے مذکورہ مسئلے کی حقیقت واضح ہوگئی، اس مسئلے کو اسی طرح سمجھنا چاہیے ، جیسا حضرت نے لکھا ہے، اپنی طرف سے اس کا کوئی نیا مطلب نہیں بیان کرنا چاہیے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند