• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 66198

    عنوان: کیاسوتے ہوئے انسان کے جسم سے روح نکل کر کہیں چلی جاتی ہے،؟

    سوال: میں نے سناہے کہ کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کی روح دنیا میں آتی ہے، اور تیس دنوں تک اپنے رشتہ داروں کے پاس رہتی ہے،لیکن ہم اس کو دیکھ نہیں سکتے۔ سوال یہ ہے کہ کیا روح اس دنیا میں آتی ہے؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ کیاسوتے ہوئے انسان کے جسم سے روح نکل کر کہیں چلی جاتی ہے،؟ براہ کرم، اس انداز میں جواب دیں کہ میں اپنے دوست کو سمجھا سکوں ، اس کے ساتھ اس بارے میں بات چیت چل رہی ہے۔

    جواب نمبر: 66198

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 921-909/N=9/1437

    (۱) : جی نہیں! کسی کے انتقال کے بعد اس کی روح کا واپس دنیا میں آنا کسی صحیح روایت سے ثابت نہیں؛ بلکہ صحاح ستہ کی بعض روایات اس کے خلاف ہیں۔ (فتاوی محمودیہ ۱: ۶۰۴- ۶۱۱، سوال: ۳۱۲-۳۱۶، مطبوعہ: ادارہٴ صدیق ڈابھیل گجرات)۔
     (۲): سونے کی حالت میں انسان کی روح اس کے جسم ہی میں رہتی ہے ورنہ انسان بے جان ہوجائے اور خون کا دوران، دل کی دھڑکن اور سانس وغیرہ کا سلسلہ کچھ بھی باقی نہ رہے۔
     (۳) : اگر آپ اپنے دوستوں کی گفتگو اور باہمی بحث کا کچھ خلاصہ تحریر فرمادیتے تو بہتر ہوتا اور ہمارے لیے آپ حضرات کی مفصل رہنمائی آسان ہوتی۔ اوپر ہم نے صرف آپ کے سوالات کا جواب دیا ہے، اگر ان جوابات سے بات سمجھ میں آجائے تو بہت بہتر، ورنہ آپ اپنے دوستوں کی گفتگو اور باہمی بحث کا خلاصہ تحریر فرماکر سوال کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند