• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 64884

    عنوان: کیا شیطان خواب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل اختیار کرسکتا ہے؟

    سوال: (۱) مفتی ، کیا خواب میں شیطان کوئی بھی مومن والا روپ لے کر خود کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ظاہر کر سکتا ہے ؟ حدیث کا حوالہ اردو ترجمہ کے ساتھ دے دیں۔ (۲) میں نے سنا ہے اگر خواب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی قول سنا جائے اگر وہ شریعت کے خلاف ہو تو اس قول پر عمل کی اجازت نہیں۔حضرت، اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود کچھ فرما دیں اور شریعت میں وہ نہ ہو یا خلاف ہوتو کیا پھر بھی اس پر عمل کی اجازت نہیں؟ ۳) کیا حالت بیداری میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دیدار ممکن ہے ؟امام غزالی کے بارے میں ہے کہ انہوں نے ۰۷ بار حالت بیداری میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی تو کیا حالت بیداری میں بھی زیارت ممکن ہے ؟ حدیث کا حوالہ اردو ترجمہ کے ساتھ دیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 64884

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 519-432/D=7/1437 (۱) شیطان خواب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل اختیار نہیں کرسکتا، چنانچہ حدیث میں ہے۔ ”وعن أبی ہریرة -رضي اللہ عنہ- قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم : “من رآنی فی المنام فقد رآنی فإن الشیطان لا یتمثل فی صورتی“ متفق علیہ، مشکاة: ۳۹۴) ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس نے خواب میں مجھے دیکھا ہے تو تحقیق کہ اس نے مجھے ہی دیکھا ہے کیونکہ شیطان میری شکل میں نہیں آسکتا۔ (۲) آپ نے صحیح سنا ہے کہ خواب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کوئی بات خلافِ قرآن وحدیث سننے میں آئے تو اس پر عمل کرنا جائز نہیں، اگر کسی کو خواب میں خلافِ شرع حکم محسوس ہو تو کہا جائے گا کہ سننے میں غلطی واقع ہوئی ہوگی یا فاسد خیالات تھے جس کو قول رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) سمجھ لیا گیا، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم خواب میں خلافِ شریعت کسی کام کا حکم کریں ایسا نہیں ہوسکتا۔ (۳) یہ بات کہاں لکھی ہے کہ امام غزالی رحمہ اللہ نے حالتِ بیداری میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ۷۰/ مرتبہ زیارت کی ہے، کتاب کا حوالہ لکھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند