• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 63007

    عنوان: میں کیرالہ سے ہوں اور دیوبند کے بارے میں جاننا چاہتاہوں کیوں کہ کیرالہ ستمستھا لیڈران دیوبندی علماء کے خلاف ہیں اور وہ بہت سارے مسائل کی بات کررہے ہیں۔ اس لیے میں دیوبند اور بریلیوں کی حقیقت جاننا چاہتاہوں۔

    سوال: میں کیرالہ سے ہوں اور دیوبند کے بارے میں جاننا چاہتاہوں کیوں کہ کیرالہ ستمستھا لیڈران دیوبندی علماء کے خلاف ہیں اور وہ بہت سارے مسائل کی بات کررہے ہیں۔ اس لیے میں دیوبند اور بریلیوں کی حقیقت جاننا چاہتاہوں۔

    جواب نمبر: 63007

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 263-278/N=3/1437-E

    جب انگریز نے ہندوستان آکر یہاں اپنے قدم جمالئے اور دینی اعتبار سے مسلمانوں کو نقصان پہنچانا شروع کردیا تو ہندستان کے اہل حق علمائے کرام نے انگریز کے خلاف عوام کو متحد کرنے کی کوشش کی، لیکن احمد رضا خان اور اس کے ہمنواوٴں نے انگریزوں کا ساتھ دیا اور وہیں احمد رضا خاں اور اس کے ہمنواوٴں نے علمائے دیوبند کی مخالفت شروع کردی اور اس کو دینی مخالفت کا رنگ دیدیا اور بدعت کے قبیل کی بہت سی چیزوں کو دین اور دین کا جزو وحصہ قرار دینے لگے، جس کی بنا پر اہل حق علمائے کرام نے سنت وبدعت کی وضاحت کی اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ کردیا، جس کی بنا پر احمد رضا خاں اور اس کے ہم نواوٴں نے اہل حق علمائے کرام کی تکفیر اور ان پر سب وشتم شروع کردیا؛ اس لیے بریلوی لوگ بدعات وخرافات کے علم بردار اور عملی طور پر سنت طریقہ سے کوسوں دور ہوتے ہیں اور اہل حق علمائے کرام پر ناجائز سب وشتم کرتے ہیں، جب کہ علمائے دیوبند حق وباطل اور سنت وبدعت کو واضح کرکے خود بھی حق وسنت کا اتباع کرتے ہیں اور باطل اور بدعت سے بچتے اور دور رہتے ہیں اور دوسروں کو بھی اتباع حق وسنت کی دعوت دیتے ہیں اور باطل اور بدعت سے بچنے اور دور رہنے کی تاکید کرتے ہیں، آپ مزید اہل حق علمائے کرام اور بریلویوں کے اختلافات کی تفصیل کے لیے درج ذیل کتابوں کا مطالعہ فرمائیں: اختلاف امت اور صراط مستقیم ص ۳۶ - ۱۲۸، محاضرات علمیہ بر موضوع رد رضاخانیت، پیش کردہ: حضرت مفتی محمد امین صاحب پالن پوری مد ظلہ، مطالعہ بریلویت، موٴلفہ: علامہ ڈاکٹر خالد محمود صاحب، بریلوی علما ومشائخ کے لیے لمحہ فکریہ، موٴلفہ: حضرت مولانا محمد عاشق الہی صاحب بلند شہری، دیوبندیت وبریلویت دلائل کے آئینہ میں، موٴلفہ: حضرت مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب مد ظلہ، دیوبند سے بریلی تک، موٴلفہ: مولانا ابو الاوصاف رومی صاحب، فرقہ بریلویت، پاک وہند کا تحقیقی جائزہ، موٴلفہ: مولانا محمد الیاس گھمن صاحب مد ظلہ اور بریلویت حقائق کے آئینہ میں، موٴلفہ: حافظ غلام محمد میمن صاحب کا مطالعہ فرمائیں، اور حضرات علمائے دیوبند کے مختصر حالات لیے حضرت شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی کی کتابوں: اکابر علمائے دیوبند اتباع شریعت کی روشنی میں، اکابر علمائے دیوبند کا تقوی، اکابر کا رمضان وغیرہ کا مطالعہ بہت بہتر ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند