• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 610183

    عنوان:

    ’’اللہ كے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں‏‘‘ کہنا کیا کلمہٴ کفر ہے؟

    سوال:

    سوال : ایک مفتی صاحب کہتے ہیں کہ اگر کوئی جان بوجھ کر کہے کہ اللہ کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں تو یہ کفریہ ہے؟ کیا حضرت کا یہ کہنا درست ہے؟ دلائل کے ساتھ واضح فرمائیں۔

    جواب نمبر: 610183

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 921-776/B=07/1443

     اس جملے كا مفہوم یہ ہوسكتا ہے كہ اللہ كے یہاں ظلم اور بے انصافی نہیں ہے جس نے بھی اللہ سے درخواست كی ہے یا دعاء مانگی ہے یا جیسا بھی عمل كیا ہے اس كا بدلہ انصاف كے ساتھ اسے ملے گا‏، مصلحۃً دیر ہوسكتی ہے لیكن كسی كے ساتھ ناانصافی نہ ہوگی‏، پس اِسے كلمہ كفر كہنا اور اس میں كفر كا فتویٰ دینا مناسب نہیں۔ جب ’’كفر بواح‘‘ ہو یعنی بہت كھلا ہو كلمہ كفر ہو كہ اس میں كوئی تاویل نہ ہوسكتی ہو تو اس پر كفر كا فتویٰ دیا جاتا ہے‏، اور حقیقت یہ ہے كہ اللہ كے یہاں نہ دیر ہے نہ اندھیر‏، اللہ تعالی ہر نقص سے پاك ہے اور اس كے یہاں ہر كام كا وقت مقرر ہے لہٰذا اس طرح نہ كہنا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند