عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد
سوال نمبر: 610021
مسئلہ امکان کذب سے متعلق ۲/ سوال
سوال : سوال* ہمارے اکابر کا جو یہ نظریہ ہے کہ امکان کذب باری تعالی تحت القدرة ہے لیکن وقوع کذب ممتنع بالغیر ہے یعنی محال بالغیر ہے اور محال تحت القدرة نہیں ہوتا 1 کیا اس کو یوں بھی کہا جاسکتا یے کہ امکان محال بالغیر تحت القدرة ہے مثلا امکان کذب باری تعالی مگر وقوع محال بالغیر تحت القدرة نہیں ہے مثلا وقوع کذب باری تعالی؟
2 -اگر ہاں تو کیا یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ امکان ممتنع بالذات بھی تحت القدرة ہے یعنی امکان محال بالذات مثلا شریک باری تعالی مگر اس کا وقوع تحت القدرة نہیں ہے مثلا وقوع شریک باری تعالی؟ *مذکورہ دونوں سوالات کا خلاصہ یہ ہے کہ محال چاہے وہ بالغیر ہو یا بالذات کے متعلق اہلسنت و الجماعت کا جو یہ نظریہ ہے کہ محال تحت القدرة نہیں ہوتا اس کا تعلق امکان کے ساتھ ہے یا وقوع کے ساتھ؟ اگر امکان کی حد تک بھی ہم یہ کہیں کہ وہ تحت القدرة نہیں ہے تو کیا اس سے عجز باری تعالی لازم نہیں آئے گا؟ اور عموم قدرت باری تعالی کے خلاف لازم نہیں آئے گا؟* جزاکم الله تعالی احسن الجزاء
جواب نمبر: 610021
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa: 543-401/H-Mulhaqa=8/1443
(۱، ۲): امکان کی جگہ ممکن کہا جائے، یعنی: ممکن (بالذات) محال بالغیر تحت القدرة ہوتا ہے، شی ممکن کے شروع میں لفظ امکان کے اضافے کی ضرورت نہیں، اور ممتنع بالذات میں امکان نہیں ہوتا؛ لہٰذا محال بالذات کو بھی تحت القدرة قرار دینا غلط ہے، اور قدرت کا تعلق ممکنات سے ہوتا ہے، محالات سے نہیں؛ بلکہ محال بالذات سے متصف ہونا نقص ہے، جس سے اللہ تعالی پاک ومنزہ ہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند