• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 607266

    عنوان:

    کیا اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ بنایا جاتا تو دنیا وجود میں نہ آتی؟

    سوال:

    کیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں تشریف نا لاتے تو دنیا کائنات وجود میں نہ آتی؟ اصلاح فرمائیں ۔

    جواب نمبر: 607266

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:72-81/H-Mulhaqa=4/1443

     بعض علما بعض روایات کی بنا پر سوال میں مذکور بات کی تصحیح فرماتے ہیں، جن میں محدث عجلونی (کشف الخفا، ۲: ۱۹۱، حدیث نمبر: ۲۱۲۴)اور ملا علی قاری(الاسرار المرفوعہ، ص: ۲۸۸، حدیث نمبر: ۳۸۵) بھی ہیں؛ جب کہ بعض علما فرماتے ہیں کہ جن روایات کی بنا پر سوال میں مذکور بات کی تصحیح کی جاتی ہیں، وہ محدثانہ حیثیت سے پایہ ثبوت کو نہیں پہنچتیں (الیواقیت الغالیہ، ۲: ۶۵، ۲۰۴، ۲۰۵، ۲۰۸، ۴۱۲)،اور دار العلوم دیوبند کے مفتی اول اور سابق مفتی اعظم: حضرت مولانا مفتی محمد عزیز الرحمن صاحب دیوبندی ایک فتوے میں تحریر فرماتے ہیں: یہ (لولاک لما خلقت الأفلاک) حدیث نہیں ہے اور کسی کتاب حدیث مثل صحاح ستہ وغیرہ میں مذکور نہیں ہے؛ بلکہ بزرگوں کے مکشوفات میں سے ہے اور مضمون اس کا عند المحققین صحیح ہے؛ جیسا کہ حضرت مولانا محمد قاسم صاحب قدس سرہ نے اپنے قصیدہ مدحیہ میں یہ شعر بھی لکھا ہے: ”جو تو اُسے نہ بناتا تو سارے عالم کو، نصیب ہوتی نہ دولت وجود کی زنہار“، اسی طرح دیگر اکابر امت نے اس کی تصریح فرمائی ہے (فتاوی دار العلوم دیوبند، ۱۸: ۱۹۷، ۱۹۸، جواب سوال: ۲۰۵، مطبوعہ: مکتبہ دار العلوم دیوبند) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند