• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 606429

    عنوان:

    وتر کی رکعتوں میں کون کون سی سورتیں پڑھنا سنت ہے؟

    سوال:

    کیافرماتے ہین علماء کرام ومفتیان عظام مئلہ ذِیل کے بارے میں وتر پہلی رکعات میں سورہ اعلی پڑ ھنا یاسورہ قدر پڑ ھنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے ، وضاحت کریں کیا دونوں سورتو ں میں سے کوئی ایک پڑ ھ سکتے ہیں؟ تفصیل سے رہنمائی فرمائیں۔ دوسری رکعت میں کافرون اور تیسری رکعت میں سورہ اخلاص پڑ ھنا ہے اس میں اختلاف نہیں ہے ، شبہ پہلی رکعت میں ہورہاہے جس کیلئے وضاحت اورمفصل رہنمائی فرمائیں اور عنداللہ ماجو ہوں۔

    جواب نمبر: 606429

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 200-166/H=03/1443

     سنن ابی داوٴد، سنن ترمذی اور سنن ابن ماجہ وغیرہ میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کی پہلی رکعت میں سورة الأعلی، دوسری میں سورة الکافرون اور تیسری رکعت میں سورہٴ الاخلاص پڑھا کرتے تھے اور بدائع الصنائع (1/611، ط: زکریا) البحر الرائق (2/76، ط: دارالکتاب دیوبند) اور شامی (2/441، ط: زکریا) وغیرہ میں بھی اسی کو نقل کیا گیا ہے؛ البتہ شرح معانی الآثار کی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کی پہلی رکعت میں سورہٴ التکاثر، سورة القدر اور سورة الزلزال، دوسری رکعت میں سورة العصر، سورة النصر اور سورة الکوثر اور تیسری رکعت میں سورة الکافرون، سورة اللہب اور سورة الاخلاص پڑھتے تھے، (شرح معانی الآثار: 1/290، رقم الحدیث: 1724)۔ اس لیے کبھی کبھار اس پر بھی عمل کرلینا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند