عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد
سوال نمبر: 605451
خاتمہ بالخیر کے اعمال،خاتمہ بالکفر سے بچنے کے لئے کیا جائے؟
قرآن و حدیث کی روشنی میں وہ کون سے گناہ اور اعمال ہیں جن کی وجہ سے خاتمہ باالکفر کا اندیشہ ہو نیز خاتمہ باالایمان کیلئے مجرب دعا بھی بتائیں؟
جواب نمبر: 605451
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:963-653/SN=12/1442
عقائد کی درستگی ، اتباع سنت اور ہر طرح کے معاصی (بالخصوص جن پر وعیدیں آئی ہیں مثلا: زنا، چوری اور ناجائز طریقے پر دوسروں کا مال ہڑپنا وغیرہ) سے بچنا ہی حسنِ خاتمہ کے ذرائع ہیں،ایک حدیث میں اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا: " من ملک زادا وراحلة تبلغہ إلی بیت اللہ ولم یحج فلا علیہ أن یموت یہودیا، أو نصرانیا، وذلک أن اللہ یقول فی کتابہ: وللہ علی الناس حج البیت من استطاع إلیہ سبیلا (آل عمران: 97) یعنی جو شخص زاد وراحلہ کا مالک ہے اور حج بیت اللہ کی استطاعت رکھتا ہے؛ لیکن پھر بھی وہ حج نہیں کرتا تو مجھے پرواہ نہیں کہ وہ یہودی ہوکر مرے یا نصرانی ہوکر۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ فرائض کا اہتمام بہت ضروری ہے ورنہ سوئے خاتمہ کا اندیشہ ہے۔
آپ کو چاہئے کہ مذکورہ بالا امور کے ساتھ ساتھ ان اعمال کی طرف خصوصی دھیان دیں، جن پر جنت وغیرہ کی بشارت دی گئی ہے، مثلا: یتیم کی کفالت، پابندی کے ساتھ مسواک کرنا،صدقہ خیرات کرنا، اللہ کی نعمتوں بالخصوص نعمتِ ایمان پرشکرادا کرنا وغیرہ۔ اور درج ذیل دو نوں دعاؤں کا بھی خوب اہتمام کریں، ان شاء اللہ خیرکے ساتھ خاتمہ ہوگا ۔
رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ ہَدَیْتَنَا وَہَبْ لَنَا مِنْ لَدُنْکَ رَحْمَةً إِنَّکَ أَنْتَ الْوَہَّابُ.
یا مقلّب القلوب، ثبّت قلبی علی دِیْنِک.
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند