• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 603600

    عنوان:

    قرب قیامت میں كیا سورج مستقل مغرب سے نكلا كرے گا؟

    سوال: قرب قیامت کی ایک بڑی نشانی سورج کا مغرب سے نکلنا ہے تو کیا یہ مستقل مغرب سے نکلا کریگا یا کچھ وقت کے لئے نکلے گا اور چھپ جائے گا پھر مشرق سے نکلے گا وضاحت فرمائیں۔ 

    جواب نمبر: 603600

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:705-563/L=8/1442
    یہ واقعہ صرف ایک دن پیش آئے گا ،حدیث شریف میں ہے کہ جس رات کی صبح کو آفتاب مغرب سے نکلے گا وہ رات نہایت دراز ہوگی یہاں تک کہ بچے چلا اٹھیں گے اور مسافر تنگ دل ہوجائیں گے کہ کوئی امرِ عظیم اور حادثہ عظیم ظاہر ہونے والا ہے ؛لہذا دعا اور استغفار میں سر بسجود مصروف ہوجائیں گے اتنے میں آفتاب مغرب کی جانب سے طلوع ہوگا مگر اس میں روشنی نہ ہوگی جیسے گہن کے وقت ہوتا ہے ،اس قسم کا بے نور ہوگا اور اتنا بلند ہوکر جتنا کہ چاشت کے وقت ہوتا ہے پھر غروب ہوجائے گا اور پھر اپنی قدیم عادت کے مطابق مشرق سے نکلتا رہے گا ۔ (مزید تفصیل کے لیے عقائد ِ اسلام :۱۱۰) کا مطالعہ کیا جائے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند