عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد
سوال نمبر: 602241
اللہ كو راضی كرنے اور اس کے رسول کو راضی کرنے میں کیا فرق ہے ؟
اللہ کو راضی کرنے میں اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو راضی کرنے میں کیا فرق ہے؟ کیا اس میں شرک کا اندیشہ ہے ؟ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔
جواب نمبر: 602241
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:426-343/sn=6/1442
اللہ کے رسولﷺ نے جو باتیں بتلائی ہیں ان پر عمل کرنا ہی اللہ کے رسول کو خوش کرنا ہے اور اللہ کے رسول کو خوش کرنا درحقیقت اللہ تعالی ہی کو خوش کرنا ہے ؛ کیونکہ نبی ورسول جو کچھ بتلاتا ہے وہ اپنی طرف سے نہیں ؛ بلکہ اللہ تعالی کے قاصد وفرستادہ ہونے کی حیثیت سے بتلاتا ہے ۔ بہرحال ایک مسلمان کو ان تمام احکام پر عمل کرنا چاہئے جو اللہ تعالی نے قرآن کریم میں بتلایا، اسی طرح ان احکام پر بھی جو نبی نے احادیث میں بتلایا ہے ، اسی میں اللہ اور اس کے رسول دونوں کی خوشنودی ہے ۔ نوٹ: آپ کے سوال کا کوئی خاص پس منظر ہوتو اس کی وضاحت کرکے دوبارہ سوال کرلیں ۔
(قُلْ إِنْ کُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّہَ فَاتَّبِعُونِی یُحْبِبْکُمُ اللَّہُ وَیَغْفِرْ لَکُمْ ذُنُوبَکُمْ وَاللَّہُ غَفُورٌ رَحِیمٌ (31) قُلْ أَطِیعُوا اللَّہَ وَالرَّسُولَ فَإِنْ تَوَلَّوْا فَإِنَّ اللَّہَ لَا یُحِبُّ الْکَافِرِینَ (32) (آل عمران:31-33)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند