• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 59724

    عنوان: ماتریدی اور اشعری کون ہیں؟ براہ کرم، تفصیل سے بتائیں۔

    سوال: ماتریدی اور اشعری کون ہیں؟ براہ کرم، تفصیل سے بتائیں۔

    جواب نمبر: 59724

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 854-676/D=8/1436-U مسائل اعتقادیہ میں اہل سنت والجماعت کے دو گروہ ہیں: اشاعرہ اورماتریدیہ۔ اشاعرہ: امام ابوالحسن اشعری کی طرف منسوب ہیں، جوچار واسطوں سے ابوموسی اشعری صحابی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد میں سے ہیں، سو جو لوگ مسائل اعتقادیہ امام ابوالحسن اشعری کے پیرو ہیں وہ اشعری اور اشعریہ اور اشاعرہ کہلاتے ہیں اور جو لوگ امور اعتقادیہ میں امام ابومنصور ما تریدی کے طریقہ پر چلتے ہیں وہ ماتریدی کہلاتے ہیں، اور ابومنصور ماتریدی تین واسطے سے امام محمد بن حسن شیبانی کے شاگرد ہیں جو امام ابوحنیفہ کے خاص شاگرد ہیں اور امام شافعی کے استاد ہیں، ان دونوں بزرگوں نے اصول دین اور مسائل اعتقادیہ میں بڑی تحقیق اور تدقیق کی ہے، اور دلائل عقلیہ اور نقلیہ سے عقائد اسلامیہ کو ثابت کیا اور ملاحدہ اور زنادقہ کے اعتراضات اور شکوک وشبہات کا عقل ونقل سے ابطال فرمایا جس سے صحابہ وتابعین کا مسلک خوب روشن ہوگیا۔ اسی واسطے مذہب اہل سنت والجماعت انہی دو بزرگوں میں محصور ہوگیا۔ (عقائد الاسلام ص: ۱۷۶)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند