• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 58498

    عنوان: کرتا یا جبہ میں کالر ہونا سنت کے خلاف ہے كیا؟

    سوال: کسی نے کہا کہ کرتا یا جبہ میں کالر ہونا سنت کے خلاف ہے، کیا یہ صحیح بات ہے؟کسی نے یہ بھی کہا ہے کہ زیتون کا پھل کھانا سنت ہے؟ کیا یہ صحیح ہے؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 58498

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 327-292/Sn=6/1436-U

    (۱) لباس کے سلسلے میں ضابطہ یہ ہے کہ جو لباس نبی اکرم صلی اللہ علیہ اور صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین زیب تن فرماتے تھے وہ مسنون ہے، اسی طرح ہرزمانہ اور ہرجگہ کے نیک وصالح لوگ جو لباس پہنتے ہیں وہ بھی مسنون لباس کے حکم میں ہیں، کالر والے کرتے کا استعمال اس دور میں عام ہوچکا ہے، نیک وصالح مسلمان بھی کالر والے کرتے استعمال کرتے ہیں، اب یہ کسی خاص قوم کا شعار نہیں رہا، اس لیے اس کو خلافِ سنت کہنا صحیح نہیں۔ قال الملاّ علي القاري: من شبہ نفسَہ بالکفار مثلاً في اللباس وغیرہ أو بالفساق أو الفجار أو بأہل التصوف والصلحاء الأبرار (فہو منہم) أي في الإثم والخیر․ المرقات: ۸/۲۵۵، ط: ملتان․ (۲) حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے زیتون کا پھل تناول فرمایا یا نہیں، اس کی صراحت نہیں ملی، البتہ زیتون کے تیل کے بارے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کلوا الزیت وادّہنوا بہ فإنہ من شجرة مبارکة (مشکاة مع المرقات: ۸/۱۹۰، ط: ملتان پاکستان) یعنی یہ تیل ایک مبارک درخت کے پھل سے بنتا ہے؛ لہٰذا تم اس میں سے کھاوٴ اور بدن میں بھی استعمال کرو، ملا علی قاری رحمہ اللہ تعالی نے اس حدیث کے تحت تحریر کیا ہے کہ اس سے زیتون کا پھل کا بھی بابرکت ہونا ثابت ہوتا ہے۔ ویلزم من برکة ہذہ الشجرة ثمرتہا وہي الزیتون وبرکة ما یخرج منہا وہو الزیت وکیف لا وفیہ التأدم والتدہن وہما نعمتان عظیمتان (المرقات ۸/۱۹۰، ط: ملتان)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند