• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 56345

    عنوان: نزول عیسیٰ علیہ السلام كا انكار

    سوال: یہ حضرات مندرجہ ذیل عقایٴد و نظریات کا صاف انکار کرتے ہیں 1-نزول عیسی علیہ السلام 2-امام مہدی 3-دجال کا 4-زمینی قبر 5-عذاب قبر 6-شہداء کی قبر کی حیات کا حیات الانبیاء علیہم السلام کا انکار ہی نہیں بلکہ انبیاء علیہم السلام کے اجساد مبارکہ کے محفوظ ہونے کا بھی انکار کرتے ہیں8-اعادہ روح کا 9-قبر کی وسعت و تنگی 10-خواب میں آپ علیہ السلام کی زیارت کا 11-کرامات کا 12-ایصال ثواب کا ہر قسم کے تعویذ ات کا14-وسیلہ کو شرک کہتے ہیں-15ہمیں کسی نبی کو کسی نبی پر فضیلت نہیں دینی چاہیٴے 16-تمام مسلمانوں کی تکفیر کرتے ہیں17-موجوہ جو دین دیو بندی ،بریلوی ،اہل حدیث کے پاس ہے اسکا اصل دین سے کوئی تعلق نہیں ہے (18-تقلید کا انکار کرتے ہیں بلکہ اسکو شرک قرار دیکر تمام مقلدین (حنفی مالکی شافعی حنبلی) کو مشرک قرار دیتے ہیں19-اجماع و قیاس کا انکار کرتے ہیں20-آیات واحادیث کی تفسیر وتشریح محض رائے سے کرتے ہیں21-علماء ربانیین مثلا امام احمد بن حنبل،ابراہیم بن ادھم ،شاہ ولی اللہ،بختیار کاکی،جنید بغدادی،اشرف علی تھانوی رحمھم اللہ کی تکفیرکرتے ہیں-مسلمانوں کے پیچھے نماز پڑہنے کو حرام سمجھتے ہیں

    جواب نمبر: 56345

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 24-38/D=1/1436-U سوال میں جن عقائد کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے نزولِ عیسیٰ علیہالسلام کا عقیدہ ایسا ہے جو احادیث متواترہ سے ثابت ہے، جس کا انکار کفر ہے، جب کہ بعض عقائد ایسے ہیں کہ جن کا ثبوت احادیث متواترہ سے (خواہ تواتر معنی ہو) ہے ان پر ایمان لانا واجب ہے، بصورت انکار کفر کااندیشہ ہے جیسے عذابِ قبر، ظہور مہدی، خروج دجال، اس کے علاوہ بعض عقائد ایسے ہیں جو احادیث صحیحہ سے ثابت ہیں اور ان کا انکار، اُن احادیث صحیحہ کا انکار ہے جیسے خواب میں نبی علیہ السلام کی زیارت، قبر کی وسعت وتنگی، اجسادِ انبیاء علیہم السلام کا محفوظ ہونا، ایصالِ ثواب وغیرہ۔ اور بعض عقائد وہ ہیں جو قرآن وحدیث کی روشنی میں اہل سنت والجماعت کے نزدیک ثابت شدہ ہیں جیسے انبیاء اور شہداء کا اپنی قبروں میں حیات ہونا، کرامات کا حق ہونا، ایسی باتوں کا انکار اہل سنت والجماعت کے عقائد سے انحراف ہے۔ اور تمام مسلمانوں بالخصوص علمائے ربانیین کی تکفیر کرنا یہ خوارج وروافض کا عقیدہ ہے، جو اپنے علاوہ تمام مسلمانوں کو کافر کہتے ہیں۔ ان مذکورہ باتوں کے علاوہ، مسلمانوں کے پیچھے نماز پڑھنے کو حرام سمجھنا، تقلید کو شرک قرار دینا، اجماع وقیاس کا انکار کرنا، آیات واحادیث کی تشریح محض رائے سے کرنا وغیرہ یہ سب باتیں گمراہی اورجہالت ہے، قرآن وحدیث کے صریح طور پر خلاف ہیں۔ سوال میں مذکور عقائد ونظریات کا حکم اوپر لکھ دیا گیا، جماعت المسلمین اور ڈاکٹر مسعود الدین عثمانی کے عقائد اگر اسی طرح کے ہیں تو اس کا حکم بھی مذکورہ بالا تفصیل سے واضح ہوجائے گا۔ مزید تحقیق مقامی علماء سے کرلی جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند