• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 48129

    عنوان: کیا مردوں کو قرآن پاک بخشنے پر اس کا ثواب ان کو پہنچتاہے ؟

    سوال: ایک مسئلہ پوچھنا چاہتاہوں کہ کیا مردوں کو قرآن پاک بخشنے پر اس کا ثواب ان کو پہنچتاہے ؟ دلیل کے ساتھ جواب دیں، کیوں کہ غیر مقلد کو جواب دینا ہے۔

    جواب نمبر: 48129

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1754-1353/B=1/1435-U بدنی نوافل عبادت کا ثواب اگر کسی کو بخشا جائے تو پہنچتا ہے خواہ وہ زندہ ہو یا مردہ ، دلائل سے ثابت ہے، قرآن پاک کی آیت کریمہ ہے : ”رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِاِخْوَانِنَا الَّذِیْنَ سَبَقُوْنَا بِالْاِیْمَانِ الخ“ اس آیت سے بھی دوسروں کو ثواب پہنچنے کا ثبوت ہے کہ جس طرح ایک شخص اپنے لیے استغفارکرتا ہے۔ استغفار کے دوفائدے ہیں ایک گناہوں کی معافی اور یا اس کے درجات کی بلندی اور دونوں چیزیں ثواب کی قسم سے ہیں اور اس آیت میں اپنے ساتھ ان ایمان والے بندوں کے لیے بھی درخواست ہے جو گذرچکے ہیں، جب ان گذرے ہوئے مرحومین کے لیے استغفار سے نہ مغفرت ہو اور نہ درجات میں کچھ اضافہ ہو تو ان کے لیے استغفارکرنے سے کیا فائدہ؟ اس سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ استغفار کا ثواب ان مرحومین کو پہنچتا ہے اور استغفار ایک بدنی عبادت ہے جس طرح تلاوت ایک بدنی عبارت ہے۔ مشکاة میں : ص ۲۰۶ مسند احمد سے روایت نقل کی ہے کہ ایک نیک بندے کے درجات اللہ تعالیٰ جنت میں بلند فرماتے ہیں تو وہ پوچھتا ہے یا اللہ یہ میرے کس عمل کا بدلہ ہے تو جواب ملتا ہے تمہارے بیٹے کے تمہارے لیے استغفارکرنے سے تمھیں یہ درجہ ملا ہے، اور بیہقی سے نقل ہے: وإن ہدیة الأحیاء إلی الأموات الإستغفار لہم․ زندوں کی طرف سے مردوں کے لیے تحفہ ان کے لیے استغفار کرنا ہے، درجات کا بلند ہونا یا ان کے لیے تحفہ بننا جب ہی ہوگا جب کہ استغفار وغیرہ کا ثواب ان کو پہنچے۔ (مشکاة: ۳۲) ہی میں بروایت مسلم حدیث ہے کہ جب انسان مرجاتا ہے تو اس کا عمل بند ہوجاتا ہے مگر صدقہ جاریہ یا اولاد صالح یا علم جس سے نفع اٹھایا جارہا ہو ان چیزوں کا ثواب جاری رہتا ہے، ان تینوں چیزوں کا ثواب مرنے کے بعد مرنے والوں کو بلانیت کے پہنچ رہا ہے تو نیت کرلینے سے کیوں نہ پہنچے گا؟ یہ سارے ہی دلائل ہیں اور ان کے علاوہ بھی موجود ہیں، دلیل اس شخص کو نفع دیتی ہے جو حق وصواب سمجھنا چاہتا ہو ورنہ اس کے لیے معجزہ بھی ناکافی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند