• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 46828

    عنوان: خدا كی صفات کے بارے میں

    سوال: عرض ہے کیا خدا سونگھتے بھی ھے جیسے وہ دیکھتے اور سنتے ھے۔ھمارے ایک مفتی صاحب نے ھاں اور دوسرے نے نھیں کھا۔کتب عقاید میں بھی کچھ نھیں ملا۔گزارش ھے دلایل کی رو سے فیصلا فرماء ے۔۔البتہ ا امدادالفتاوی جلد چھے سوال ۴۱۶ میں کچھ تذکرہ پایا لیکن بات واضح نھیں ھوی آیا وہ سونگھنے اور چکھنے کی صفت ثابت کر رھیں ھیں یا نھیں؟

    جواب نمبر: 46828

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1043-817/D=10/1434 لمس وذوق اور شمّ کی جو غایت اور نتیجہ یعنی ادراک ہے وہ تو اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے لیکن بندوں کے لیے ان چیزوں کے ادراک کا جو طریقہ ہے اللہ تعالیٰ کی ذات اس سے بے نیاز ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے لیے ان الفاظ سونگھنے، چکھنے کا استعمال نہیں کیا گیا اس کی دو وجہ ہے: (۱) توقیفی ہونا یعنی اللہ تعالیٰ علم وسمع وبصر کے الفاظ اپنے لیے استعمال فرماتے ہیں لمس ذوق کے الفاظ نہیں استعمال فرماتے ان کی مرضی اور حکمت ہے جس میں ہمیں توقف کرنا چاہیے۔ (۲) علم وسمع اور بصر سے استیلاء (غلبہ) اور عظمت کی شان معلوم ہوتی ہے، بخلاف ذوق ولمس کے کہ ان سے کوئی عظمت معلوم نہیں ہوتی بلکہ ان کے مفہومات ایک طرح سے احتیاج اور تلذذ (جو بندوں کی خصوصیت ہے) پر دلالت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی شان اس سے بالا وبرتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند