• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 46274

    عنوان: کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے مزار میں حیات ہیں یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم عام لوگوں کی طرح ہیں؟

    سوال: (۱) کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے مزار میں زندہ ہیں یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم عام لوگوں کی طرح ہیں؟ (۲) کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم اب سنتے، دیکھتے ہیں جس طرح بریلوی کہتے ہیں؟

    جواب نمبر: 46274

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 945-742/H=8/1434 (۱) عام لوگوں کی طرح نہیں بلکہ حضرت سید الاولی والآخرین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو قبر شریف میں ایک اعلی درجہ کی حیاتِ طیبہ حاصل ہے جس کی کیفیات کے ادراک کی جستجو نہ کرنے کا ہم کو حق ہے نہ اس کے مکلف ہیں البتہ نصوصِ کثیرہ سے مخصوص حیاتِ برزخی کا ثبوت ہے، علامہ جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ تعالیٰ نے أنباء الأذکیاء بحیاة الأنبیاء میں اس موضوع پر مدلل اور مفصل بحث کی ہے اردو میں حضرت اقدس الحاج مولانا مفتی محمد یوسف صاحب شہید لدھیانوی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی کتاب ”آپ کے مسائل اور ان کا حل“ میں عام فہم انداز میں اس سلسلہ میں کلام فرمایا ہے، حضرت اقدس الحاج مولانا محمد قاسم صاحب نانوتوی نور اللہ مرقدہ نے اپنی کتاب ”آبِ حیات“ میں علمی انداز پر شرح وبسط سے حیات مقدسہ کو ثابت فرمایا ہے۔ (۲) جو شخص قبر مطہر کے قریب کھڑا ہوکر صلوة وسلام پڑھتا ہے اس کو آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سنتے ہیں اور جواب بھر مرحمت فرماتے ہیں، اس کا ثبوت حدیث شریف سے ہے اور اللہ پاک چاہے اور دیکھ بھی لیں تو اس میں مانع کچھ بھی نہیں، البتہ دواماً ایسا ہو یہ ثابت نہیں، بریلوی کیا کہتے ہیں؟ ان کی کوئی تحریر آپ بھیجتے تو اس پر مفصل لکھا جاتا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند