• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 4577

    عنوان:

    غیرمسلم نابالغ بچوں (پندرہ سا ل سے کم) کی قسمت کا فیصلہ کس طرح ہوگا؟ کیا وہ جنت میں جائیں گے یا دوزخ میں کیا کسی دوسری جگہ؟ (۲) غیر مسلم بالغوں کے بارے میں کیا فرمائیں گے جن تک اسلام کی دعوت نہیں پہنچائی گئی یا ان کو کوئی ایسا ذریعہ نہیں ملا جس سے و ہ اسلام کو جان سکتے اور اسلام قبول کرتے؟

    سوال:

    جواب نمبر: 4577

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 269/ ھ= 198/ ھ

    (۱) فرائض اسلام کی جو ذمہ داریاں آپ پر عائد ہیں ان کو بس اداء کرتے رہئے غیر مسلم نابالغ بچوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے آپ کو جج نہیں بنایا گیا جو حضرات سلف صالحین رحمھم اللہ تعالیٰ علوم شریعت کا سمندر پئے ہوئے تھے وہ بھی اپنے آپ کو اس معاملہ میں فیصلہ کرنے سے عاجز قرار دیتے تھے، پھر ہماں و شماں کی کیا حیثیت ہے؟ حاصل یہ ہے کہ ہمارے اور آپ کے لیے اس معاملہ میں توقف اور سکوت بہتر ہے، فتاویٰ شامی کی کتاب الجنائز میں (تحت مطلب في أطفال المشرکین) اس موضوع پر مختصر بحث ہے اس کو کسی مقامی عالم سے سمجھ لیں۔

    (۲) ایک اصول اور ضابطہ سمجھ لیجئے، اللہ تعالیٰ جل شانہ کا ارشاد ہے: لاَظُلْمَ الْیَوْمَ (القرآن الکریم) قیامت میں ذرہ برابر کسی پر ظلم نہ ہوگا اور یہ اصول مسلم غیرمسلم سب کو شامل ہے، پس اس کا مقتضیٰ یہ ہے کہ ایمان واسلام کے عدم قبول میں جس قدر جرم ثابت ہوگا اُسی کے تناسب سزاء کا اجراء ہوگا۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند