• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 4282

    عنوان:

    براہ کرم، قیامت صغری اور قیامت کبری کے بارے میں تفصیل سے بتائیں۔

    سوال:

    براہ کرم، قیامت صغری اور قیامت کبری کے بارے میں تفصیل سے بتائیں۔

    جواب نمبر: 4282

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 526=526/ م

     

    قیامت صغریٰ اور کبریٰ سے مراد قیامت کی چھوٹی اور بڑی نشانیاں ہیں، ایک حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے قیامت کی دو نشانیاں بتائیں: اول یہ کہ لونڈی اپنی مالکہ کو جنے گی․․․․․ اس کی تشریح اہل علم نے کئی طرح کی ہے، سب سے بہتر توجیہ یہ ہے کہ اس میں اولاد کی نافرمانی کی طرف اشارہ ہے اور مطلب یہ ہے کہ قرب قیامت میں اولاد اپنے والدین سے اس قدر برگشتہ ہوجائے گی کہ لڑکیاں جن کی فطرت ہی والدین کی اطاعت خصوصاً والدہ سے محبت و پیار ہے، وہ بھی ماں باپ کی بات اس طرح ٹھکرانے لگیں گی جس طرح ایک آقا اپنے زرخرید غلام کی بات کو لائق توجہ نہیں سمجھتا، گویا گھر میں ماں باپ کی حیثیت غلام لونڈی کی طرح ہوکر رہ جائے گی۔ دوسری نشانی یہ بیان فرمائی کہ وہ لوگ جن کی کل تک معاشرے میں کوئی حیثیت نہ تھی، جو ننگے پاوٴں اور برہنہ جسم جنگل میں بکریاں چرایا کرتے تھے وہ بڑی بڑی بلڈنگوں میں فخر کیا کریں گے، یعنی رذیل لوگ معزز ہوجائیں گے، ان دو نشانیوں کے علاوہ قرب قیامت کی اور بہت سی علامتیں حدیثوں میں بیان کی گئی ہیں، مگر یہ سب قیامت کی ?چھوٹی نشانیاں? ہیں۔ اور قیامت کی بڑی بڑی نشانیاں جن کے ظاہر ہونے کے بعد قیامت کے قائم ہونے میں زیادہ دیر نہیں ہوگی وہ یہ ہیں:

    (۱) حضرت مہدی علیہ الرضوان کا ظاہر ہونا اور بیت اللہ شریف کے سامنے رکن اور مقام کے درمیان لوگوں کا ان کے ہاتھ پر بیعت خلافت کرنا۔

    (۲) ان کے زمانے میں کانے دجال کا نکلنا اور چالیس دن تک زمین میں فساد مچانا۔

    (۳) اس کو قتل کرنے کے لیے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان سے نازل ہونا۔

    (۴) یاجوج ماجوج کا نکلنا۔

    (۵) دابة الارض کا نکلنا۔

    (۶) سورج کا مغرب کی جانب سے طلوع ہونا اور یہ قیامت کی سب سے بڑی نشانی ہوگی، جس سے ہرشخص کو نظر آئے گا کہ اب زمین و آسمان کا نظام درہم برہم ہوا چاہتا ہے اور اب اس نظام کے توڑدینے اور قیامت کے برپا ہونے میں زیادہ دیر نہیں ہے۔ اس نشانی کو دیکھ کر لوگوں پر خوف و ہراس طاری ہوجائے گا مگر یہ اس عالم کی نزع کا وقت ہوگا، جس طرح نزع کی حالت میں توبہ قبول نہیں ہوتی، اسی طرح جب سورج مغرب سے طلوع ہوگا تو توبہ کا دروازہ بند ہوجائے گا، اس قسم کی کچھ بڑی نشانیاں اور بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائی ہیں، قیامت ایک بہت ہی خوفناک چیز ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کے لیے تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائیں اور قیامت کے دن کی رسوائیوں اور ہولناکیوں سے اپنی پناہ میں رکھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند