• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 41292

    عنوان: كیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم بشر تھے؟

    سوال: ایک دوست ہے جو کہتا ہے کہ حضور بشر تھے مگر آپکی صفات انسانوں کی نہیں تھی بلکے نور کی تھی یعنی آپ تھے تو انسان مگر صفات نورانیت والی تھی اسکی یہ بات کہا ں تک درست ہے اور ایسا کہنے والو ں کا کیا حکم ہے ؟

    جواب نمبر: 41292

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1529-1047/H=10/1433 دوست کی تقریر درست نہیں، انسانوں کی صفات کا انکار مکہ کے بے ایمان لوگ کیا کرتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھاتے پیتے تھے، لیٹتے اٹھتے تھے، سوتے جاگتے تھے وغیرہ وغیرہ یہ سب صفات انسانوں کی صفات ہیں جو حضرت سید الاولین والآخرین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں موجود تھیں، آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ذاتِ مقدسمہ نور تھی اس کا مطلب یہ ہے کہ نور ہدایت اور نور شریعت آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم میں علی الوجہ الاتم موجود تھا اور اسی نور کی برکات سے کفر وشرک، ظلم، معاصی کی ظلمات اور اندھیریاں دنیا سے دور ہوئیں۔ اسی نور مبارک سے انسانوں کو اللہ پاک تک رسائی کا راستہ ملا اور رضاء الٰہی تک پہنچنے میں جو موانعات اور رکاوٹیں تھیں وہ سب ختم ہوئیں، تفسیر ابن کثیر اور دیگر کتب معتبرہ میں اس پر بسط سے کلام ہے، حاصل وہی ہے کہ جو ہم نے لکھ دیا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند