• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 39589

    عنوان: خطبہٴ جمعہ عربی میں كیوں؟

    سوال: جمعہ سے پہلے خطبہ عربی میں کیوں پڑھتے ہیں جب کہ عربی کو ہندوستانی لوگ سمجھ نہیں پاتے؟

    جواب نمبر: 39589

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1066-1066/M=7/1433 اس سوال سے کیا یہ سمجھا جائے کہ آپ کو اس پر بھی اشکال ہوگا کہ اللہ تعالی نے قرآن کو عربی میں کیوں نازل کیا جب کہ ہندوستانی لوگ عربی نہیں سمجھتے؟ اسی طرح آپ کو اس پر بھی اشکال ہوگا کہ نماز میں قراء ت عربی میں کیوں کی جاتی ہے ، جب کہ ہندوستانی نمازی عربی سمجھ نہیں پاتے؟ اگر آپ کے سوال کا منشاء یہ ہے کہ خطبہٴ جمعہ ایسی زبان میں ہونا چاہیے جس کو سامعین سمجھ سکیں تو بتائیے کہ اگر کسی مسجد میں جمعہ پڑھنے والوں کی زبانیں مختلف ہیں، مثلاً ایسے لوگ موجود ہیں جو صرف انگریزی سمجھتے ہیں اور ایسے لوگ بھی ہیں جو صرف ہندی سمجھتے ہیں اور ایسے لوگ بھی ہیں جو صرف بنگلہ سمجھتے ہیں اور ایسے لوگ بھی ہیں جو صرف عربی سمجھتے ہیں وغیرہ وغیرہ تو ایسی صورت میں خطبہٴ جمعہ کس زبان میں ہونا چاہیے؟ خطبہٴ جمعہ عربی زبان ہی میں ہونا مسنون اور متوارث ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہٴ کرام کے علم سے یہی ثابت ہے، اگر ہندوستانی لوگ عربی نہیں سمجھتے تو یہ لوگ عربی زبان سیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے، جب کہ قرآن وحدیث عربی میں ہے، نماز بھی عربی زبان میں ہوتی ہے، خطبہ بھی عربی میں ہوتا ہے اور اذان واقامت بھی عربی میں کہی جاتی ہے؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند