• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 38906

    عنوان: جنت میں داخلے كا مدار ایمان پر ہے؟

    سوال: ایک عیسائی نے مجھے کہا کہ مسلمانوں کو پہلے کسی نہ کسی طرح جہنم میں جانا ہوگا، مگر عیسائی کبھی جہنم میں نہیں جائیں گے، وہ جنت میں جائیں گے، اس نے کہا کہ ہمارے عیسائی مذہب میں آجاؤ تاکہ تم ہمیشہ جنت میں رہوگے۔ اس سوال پر میں اس کو کیا جواب دوں؟براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 38906

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1197-195/B=6/1433 وہ عیسائی غلط کہتا ہے، جنت میں داخلے کا مدار ایمان پر ہے، من قال لا إلہ إلا اللہ دخل الجنة، صدق دل سے جو اللہ کی واحدانیت کا اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کا قائل ہوگا یعنی ان پر ایمان لائے گا وہ جنت میں جائے گا۔ عیسائیوں کے پاس یہ دونوں ایمان نہیں، لہٰذا وہ جنت میں نہیں جائیں گے۔ ہمارے نبی کی تشریف آوری کے بعد پچھلی تمام شریعت منسوخ ہوگئی۔ اب ہرایک کو اسلام کا ماننا فرض ہے، اسلام کے علاوہ یہودیت اور نصرانیت اور شرک کو مانے گا تو اللہ کے یہاں قابل قبول نہیں۔ قرآن سب سے سچی کتاب ہے اس میں اب تک کسی طرح کا رد وبدل نہیں ہوا ہے، یہ اللہ کا سچا برحق کلام ہے اللہ نے فرمایا ہے: ”وَمَنْ یَبْتَغِ غَیْرَ الْاِسْلَامِ دِیْنًا فَلَنْ یُقْبَلَ مِنْہُ“ یعنی اسلام کے علاوہ کوئی دین اختیار کرے گا تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ عیسائی جو دعوی کررہا ہے کہ وہ جہنم میں نہیں جائے گا، ہمیشہ جنت میں رہے گا اس کے پاس خدائی کیا ثبوت ہے، اللہ کے یہاں سے اس پر کوئی سرٹیفکٹ آیا ہے تو اس سے طلب کیجیے وہ کہیں کوئی ثبوت نہیں پیش کرسکے گا۔ لہٰذا محض اپنے آپ منھ میاں مٹھو بننے سے کیا فائدہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند