• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 35918

    عنوان: سنی اور بریلوی میں بڑا فرق کیا ہے؟

    سوال: سنی اور بریلوی میں بڑا فرق کیا ہے؟

    جواب نمبر: 35918

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 77=68-1/1433 ما انا علیہ واصحابی کے مطابق قرآن وحدیث کے نصوص کے معنی متعین کرنے اور اجماع امت کو حجت شرعیہ ماننے والے اہل سنت والجماعت کہلاتے ہیں، اکابر علماء دیوبند اور ان کے متبعین اہل سنت والجماعت کا صحیح مصداق اور حقیقی سنی ہیں۔ بریلوی لوگ بعض اعتقادی اور عملی امور میں اپنے سرخیل مولانا احمد رضاخاں بریلوی اور ان کے نقش قدم پر چلنے والے علماء کی خودساختہ تشریحات کو عقیدةً اور عملاً اختیار کرتے ہیں، اس لیے انھیں بریلوی کہا جاتا ہے اور یہ فرقہ بریلویہ فرقہ کے نام سے موسوم ہے۔ قرآن وحدیث کے منصوص احکام کے خلاف ان کے عقائد مثلاً حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو حاضر وناظر جاننا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو عالم الغیب سمجھنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مختار کل سمجھنا، یا اولیائے کرام کو کائنات میں تصرف کرنے کے سلسلے میں بااختیار سمجھنا مرحوم اولیاء اللہ سے حوائج وضروریات کا سوال کرنا، مانگنا، یہ چند بنیادی عقائد ہیں، جنھیں بریلوی فرقہ اہل سنت والجماعت اور سلف صالحین کی تشریحات کے برخلاف عقیدہ کے طور پر مانتا ہے، اس کے علاوہ اور بھی بعض امور عقیدہ اور عمل کے طور پر ان میں پائے جاتے ہیں جو فقہائے مجتہدین اور سلف صالحین کے برخلاف ہیں، تفصیل جاننے کے لیے ”مطالعہٴ بریلویت“ مصنفہ ڈاکٹر خالد محمود کا مطالعہ مناسب ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند