• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 35371

    عنوان: گستاخ كون

    سوال: مولانا صاحب میں دیوبندی مسلک سے ہوں ، میں ایک کمپنی میں کام کرتاہوں اور میرے ساتھ بریلوی لڑکے ہیں، وہ اکثر ہم سے بحث کرتے ہیں کہ تم دیوبند ی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے گستاخ ہو۔ براہ کرم،یہ بتائیں کہ کس طرح ان کو جواب دیا جائے۔

    جواب نمبر: 35371

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 1920=374-12/1432 اللہ کا شکر ہے کہ دیوبندی حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا سب سے زیادہ احترام کرتے ہیں، سب سے زیادہ عقیدت ومحبت رکھتے ہیں، سب سے زیادہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرتے ہیں۔ ہم دیوبندیوں کا عقیدہ ہے کہ جو کوئی ذرہ برابر بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین یا گستاخی کرے وہ کافر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی بنا کر بھیجا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ دین اسلام کو کامل ومکمل کیا، اور قرآن میں اعلان کردیا: الْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَاَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الْاِسْلَامَ دِیْنًا بریلوی حضرات پھر بھی نئی نئی بدعات کرکے اسے دین کا جزء اور کار ثواب سمجھ کر کرتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ معاذ اللہ یہ لوگ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو خائن سمجھتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دین کی ساری چیزیں بتائے بغیر چلے گئے، اتنے بڑے گستاخ ہوکر ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا گستاخ کہتے ہیں۔ اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹے، اور اعلیٰ حضرت احمد رضا خاں بریلوی نے اپنا ایک خواب لکھا ہے کہ فلاں بزرگ کا انتقال ہوا، میں جنازہ میں شریک ہوں، اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس جنازہ میں شریک ہوئے اور الحمد للہ نماز جنازہ پڑھانے کی سعادت مجھے نصیب ہوئی۔ یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اعلیٰ حضرت نے امامت کی یہ کتنی بڑی گستاخی کی بات ہے۔ اے چشم اشک بار ذرا دیکھ تو سہی یہ گھر جو بہہ رہا ہے کہیں تیرا گھر نہ ہو بریلوی حضرات کا یہ بے بنیاد الزام ہے، ان کے جاہل مولویوں نے اِدھر اُدھر سے آدھی عبارت لے کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا دیوبندیوں کو گستاخ بتاتے ہیں، آج دیوبندی حضرات سب سے زیادہ درود شریف پڑھتے ہیں، رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی سب سے زیادہ اشاعت کرتے ہیں، لاکھوں ایڈیشن حدیث کی کتابوں کے چھپوا چکے ہیں۔ بریلویوں نے تو کوئی کتاب نہیں شائع کی۔ صرف محبت کا ڈھونگ رچانے سے کیا فائدہ؟ کوئی عملی کام ہو تو دکھائیں۔ تبلیغی جماعت کی اور مدارس کی برکت سے چھ لاکھ بریلوی توبہ کرکے پکے دیوبندی بن چکے ہیں، اگر دیوبندی گستاخ ہوتے تو وہ کیوں ہمارے ساتھ شامل ہوتے؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند