• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 30934

    عنوان: کہ اکثر ہمارے معاشرے میں یہ دیکھنے کو ملتاہے کہ شوہر جلد فوت ہوجاتاہے اور بیوی کافی عمر تک زندہ رہتی ہے۔ آپ ہمیں کوئی ایسی چھوٹی سی دعا بتائیں جس سے میرے شوہر کی عمر لمبی ہو

    سوال: آپ نے ہمارے سوالوں کا جواب دیا اس کے لیے بہت شکریہ۔ میرا ایک سوال ہے کہ اکثر ہمارے معاشرے میں یہ دیکھنے کو ملتاہے کہ شوہر جلد فوت ہوجاتاہے اور بیوی کافی عمر تک زندہ رہتی ہے۔ آپ ہمیں کوئی ایسی چھوٹی سی دعا بتائیں جس سے میرے شوہر کی عمر لمبی ہو، اور لمبائی بڑھانے کے لیے بھی کوئی دعا ہو تو بتائیں، رزق کی ترقی کے لیے دعا بتائیں، ہمیں حج کرنے کی بہت خواہش ہے، آپ دعا کریں کہ ہمیں حج نصیب ہو۔

    جواب نمبر: 30934

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(م): 575=575-4/1432 ہرشخص کی موت کا وقت مقرر ہے، نوشتہٴ تقدیر پر راضی رہنا چاہیے اورعمر میں خیروبرکت کی دعا کرنی چاہیے، ناگہانی حادثہ اور آفت سے پناہ مانگنی چاہیے، والدین کے ساتھ بر اور حسن سلوک کا معاملہ رزق وعمر وغیرہ میں برکت کا سبب ہے، لمبائی بڑھانے کے لیے کوئی مخصوص دعا منقول نہیں ہے، کسی ماہر طبیب سے رجوع کریں، ممکن ہے کوئی تجویز اس مقصد کے لیے مفید ہو یا کوئی جسمانی ورزش سے فائدہ ہوسکتا ہو، ہرنماز کے بعد آیت الکرسی رزق کی برکت کے لیے پڑھنے کا معمول رکھئے، اور یَا مُغني کا وظیفہ صبح وشام پڑھا کیجیے، اللہ آپ کو حج کی توفیق نصیب کرے۔ (آمین)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند