• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 30051

    عنوان: جب عیسی علیہ السلام کا نزول ہوگا تو کیا وہ نبی ہوں گے ؟ میں نے سنا ہے کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی کے طورپر نازل ہوں گے، کیا ان پر وحی نازل ہوگی؟

    سوال: سوال یہ ہے کہ جب عیسی علیہ السلام کا نزول ہوگا تو کیا وہ نبی ہوں گے ؟ میں نے سنا ہے کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی کے طورپر نازل ہوں گے، کیا ان پر وحی نازل ہوگی؟براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 30051

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 615=68-4/1432 حضرت عیسیٰ نے دعا کی تھی کہ ان کو امتِ محمدیہ میں شامل کردیا جائے، ان کی دعا قبول ہوئی، اخیر زمانہ میں فتنہٴ دجال کے دفعیہ کے لیے آسمان سے اتریں گے اور نبی علیہ السلام کا خلیفہ ہونے کی حیثیت سے ان کی شریعت پر عمل اور حکم کریں گے، نہ کہ اپنی شریعت پر، اس اعتبار سے وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہوں گے، گرچہ حقیقت میں نبی ہوں گے إنہ ینزل حاکمًا بہذہ الشریعة فإن ہذہ الشریعة باقیة لا تنسخ بل یکون حاکما من أحکام ہذہ الأمة، ولا یکون نزولہ من حیث أنی نبي مستقل کما قد بعث في بني إسرائیل، وفیہ تنبیہ علی أنہ لا یأتي علی أنہ نبي وإن کان نبیًّا في الواقع (فتح الملہم: ۱/۳۰۰، کتاب الإیمان، باب نزول عیسی) حضرت عیسیٰ علیہ السلام بحیثیت نبی مبعوث نہیں ہوں گے بلکہ بحیثیت امتی تشریف لائیں گے اور شریعت محمدیہ پر عمل اور اسی کے مطابق فیصلے فرمائیں گے جب شریعت محمدیہ کے مطابق عمل اور حکم فرمائیں گے تو ان کے لیے جدید وحی کی ضرورت نہ ہوگی؛ اس لیے ان پر کوئی جدید وحی نازل نہیں ہوگی۔ عیسی علیہ السلام یتابع محمد صلی اللہ علیہ وسلم فیحکم علی شریعتہ، لأن شریعتہ قد نسخت فلا یکون الوحي إلیہ أي لتجدید الشرع ونصب أحکام جدیدة (نبراس شرح شرح العقائد: ۲۸۰)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند