• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 29414

    عنوان: کیا محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کو دیکھا ہے شب معراج میں؟

    سوال: کیا محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کو دیکھا ہے شب معراج میں؟

    جواب نمبر: 29414

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 289=165-2/1432

    حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے شب معراج میں اللہ تعالیٰ کو دیکھنے کے سلسلے میں وارد شدہ احادیث اور آیاتِ قرآنی محتمل ہیں؛ اس لیے صحابہ وتابعین اورائمہ دین میں یہ مسئلہ ہمیشہ زیر اختلاف ہی رہا، علامہ ابن کثیر نے ان آیات کی تفسیر میں فرمایا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے روٴیت حق سبحانہ وتعالیٰ کو ثابت فرماتے ہیں اور سلف صالحین کی ایک جماعت نے ان کا اتباع کیا ہے اور صحابہ وتابعین کی بہت سی جماعتوں نے اس سے اختلاف کیا ہے۔ علامہ حافظ ابن حجر نے سورہٴ نجم کی تفسیر میں بحث کرتے ہوئے فرمایا کہ قرطبی نے ”مفہم“ میں اس بات کو ترجیح دی ہے کہ ہم اس معاملہ میں کوئی فیصلہ نہ کریں؛ بل کہ توقف اور سکوت اختیار کریں؛ کیوں کہ یہ مسئلہ کوئی عملی مسئلہ نہیں ہے جس کے کسی ایک رخ پر عمل کرنا ناگزیر ہو؛ بل کہ یہ مسئلہ عقیدے کا ہے جس میں جب تک قطعی الثبوت دلائل نہ ہوں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا اورجب تک کسی امر میں قطعی بات نہ معلوم ہو حکم ثبوت اور توقف کا ہے، یہی رائے زیادہ احوط اور اسلم ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند