• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 29206

    عنوان: میرے ذہن میں ایک سوال بار بار آتاہے کہ کیا ہمارا خالق ، ہمارا اللہ جو ہے یہ کس طرح پیدا ہوا ہے ؟ خود بخود؟ کیا میرا سوال اسلامی روسے جائز ہے کیا؟ میں گناہ گار تو نہیں ہوا ہوں اس سوال سے ؟

    سوال: میرے ذہن میں ایک سوال بار بار آتاہے کہ کیا ہمارا خالق ، ہمارا اللہ جو ہے یہ کس طرح پیدا ہوا ہے ؟ خود بخود؟ کیا میرا سوال اسلامی روسے جائز ہے کیا؟ میں گناہ گار تو نہیں ہوا ہوں اس سوال سے ؟

    جواب نمبر: 29206

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 205=60-2/1432

    اللہ تعالیٰ کی صفت ہے، وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا، لم یلد ولم یولد نہ وہ کسی سے پیدا ہوا نہ اس سے کوئی پیدا ہوا، وہ تمام چیزوں کا پیدا کرنے والا ہے، خالق کل شيء۔ آپ کا سوال نامناسب ہے، اس طرح کی باتیں شیطان کے وسوسہ ڈالنے سے پیدا ہوتی ہیں جس کا علاج یہ ہے کہ فوراً سوچنا بند کردے او رکہے آمنتُ باللہ ورسولہ۔ چنانچہ حدیث میں اس کا ذکر موجود ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ شیطان تم میں سے کسی کے پاس آتا ہے پس کہتا ہے، یہ چیز کس نے پیدا کیا؟ یہ چیز کس نے پیدا کیا؟ یہاں تک کہ سوا ل کرتا ہے کس نے تمھارے رب کو پیدا کیا؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب شیطان وسوسہ ڈالتے ڈالتے یہاں تک پہنچ جائے تو آدمی کو چاہیے فوراً اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم پڑھ لے اور بس یہیں پر رک جائے، آگے سوچنا بند کردے۔ دوسری حدیث میں ہے کہ کبھی لوگ اسی طرح آپس میں ایک دوسرے سے پوچھیں گے یہ کس نے پیدا کیا؟ یہ کس نے؟ یہاں تک کہ کوئی کہے گا کہ ساری مخلوق کو تو اللہ نے پیدا کیا، اللہ کو کس نے پیدا کیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا، جو اس طرح کے سوالات اور وسوسے ذہن میں پائے اسے چاہیے کہ سلسلہ بند کرکے فوراً کہہ دے، آمنت باللہ ورسولہ۔ متفق علیہ (مشکاة: ۱۸)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند